ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
مسائل دریافت کرنے میں اجر ملتا ہے ملفوظ 133 ـ ایک شخص نے عرض کیا کہ حضرت جیسے طالب علموں کو طلب علم میں اجر ملتا ہے ـ مسائل دریافت کرنے میں بھی اجر ملتا ہے یا نہیں فرمایا کہ جی ملتا ہے ـ یہ بھی تو طلب علم ہی ہے علم صرف عربی حاصل کرنے کا نام تھوڑا ہی ہے جس بات میں طلب دین ہو وہی طلب علم ہے ـ کیا شیخ طالب کو خط لکھا کرے ملفوظ 134 ـ فرمایا ایک صاحب لکھتے ہیں کہ آپ نے بہت دنوں سے خط نہیں بھیجا میں نے جواب لکھا ہے کہ کیا میں نے ابتداء نہیں بھیجا یا آپ کے خط کا جواب نہیں دیا ـ ( جامع اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ حاکم حکیم خود لوگوں سے دریافت کرتے پھریں کہ تم علیل تو نہیں ہو یا تمہارا مقدمہ تو نہیں ہے ) سب احوال موافق سنت ہونے چاہییں ملفوظ 135 ـ فرمایا کہ احوال صحیح جب ہوتے ہیں عمل دین کے موافق ہوتا ہے اصلی پہچان یہی ہے ( جامع سب حال قال سنت کے موافق ہو یہی مقصود ہے نیا مال نیا قال نیا عمل سب مردود ہیں سنت پر عمل کر کے ان سب کو مٹا دینا چاہئے ) اوراد سے زیادہ امراض سے نفع ملفوظ 136 ـ فرمایا ایک صاحب کا خط آیا ہے وہ بے چارے بیمار ہیں لکھا ہے کہ بیماری کی وجہ سے وظائف و اوراد بالکل نہیں ہوتے بہت قلق ہے ـ فرمایا میں نے جواب لکھا ہے کہ بعض مرتبہ امراض سے وہ نفع ہوتا ہے جو اوراد سے نہیں ہوتا اور حاضرین کی طرف مخاطب ہو کر فرمایا کہ اس طریق کا اصول یہ ہے کہ پریشان کی تسلی کی جائے اور جو شخص بے فکر ہو اس میں فکر پیدا کی جائے آج کل چونکہ لوگ فن سے واقف نہیں ہیں ـ اس لئے ان باتوں کی قدر نہیں کرتے اور مجھے تو پریشان کی حالت پر اس قدر رحم آتا ہے کہ خود پریشان ہو جاتا ہوں اور جیسے اپنی پرشانی بری معلوم ہوتی ہے ایسے ہی دوسروں کی پریشانی بری معلوم ہوتی ہے جن لوگوں کوکبھی پریشانی نہیں ہوئی وہ دوسروں کی پریشانی کی کیا قدر کریں گے ؎