ملفوظات حکیم الامت جلد 15 - یونیکوڈ |
اے کہ یک دیدار تو دیدار ہاست اے نثار دید تو دینار ہاست ( تیرے دیداروں میں سے ایک دیدار پر (ہزاروں ) دینار قربان ہوں ) پھر فرمایا اب کسی میں شوق مطلب نہیں ہے ـ حقیقی صوفیاء کے عوام بھی معتقد بن جاتے ہیں ملفوظ 4 ـ فرمایا حقیقت چھپ نہیں سکتی ، ضرور ظاہر ہو کر رہتی ہے بلکہ عوام بھی تاڑ جاتے ہیں ـ ہم دیکھتے ہیں کہ شعبدہ باز قسما قسم کے شعبدے اور حیرت انگیز کھیل ناظرین کو دکھاتا ہے لیکن ان کا معتقد کوئی نہیں ہوتا ـ کوئی اس کو بزرگ یا مقبول خدا رسیدہ نہیں سمجھتا اور صوفی کے عوام بھی معتقد ہو جاتے ہیں ـ بشرطیکہ حقیقی صوفی ہو نقال نہ ہو ـ ایک تو شراب پی کر جھومے اور دوسرا اس کی نقل اتارے ـ دونوں میں بڑا فرق ہے ؎ خوبی ہمیں کرشمہ و ناز و خرام نیست بسیار شبو ہاہست بتاں را کہ نام نیست ( محبوبوں میں بہت ادائیں ہیں کہ ان کا نام نہیں ہے کیونکہ وہ ذاتی ہیں کہ ان کا نام نہیں بتایا جا سکتا ) اللہ تعالی کا اپنے محبوب بندوں سے قاعدہ ملفوظ 5 ـ عادۃ اللہ یہ ہے کہ مرید کے کمالات پیر کی زندگی میں اللہ تعالی ظاہر نہیں کرتے ـ تاکہ مرید شیخ سے مستغنی نہ ہو جائے اس سلسلہ میں فرمایا کہ اللہ تعالی کا اپنے محبوب بندوں سے یہ قاعدہ ہے کہ جب کبھی وہ ماسوا اللہ سے محبت کرنے لگیں تو ان پر اللہ تعالی بلا اور تکلیف نازل کر دیتا ہے ـ غصہ سے متعلق امام شافعی ؒ کا قول ملفوٖظ 6 ـ فرمایا کہ مجھے غصہ کیوں نہ آئے ـ لوگ غصہ دلانے والی حرکات میرے ساتھ کرتے ہیں حضرت امام شافعیؒ نے طبقات کبری میں لکھا ہے کہ جس کو غصہ دلانے پر بھی غصہ نہ آ ئے وہ گدھا ہے ـ اور جب اس غصہ کی کوئی معذرت کرے اور وہ قبول نہ کرے وہ شیطان ہے ـ میں نہ گدھا بننا چاہتا ہوں اور نہ شیطان ـ