ہمار ی موجودہ مساعی کا مقصدیہ رہا ہے کہ اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے اور میں آپ کو یقین دلا سکتاہوں کہ ہم نے صحیح اوردرست حل تلاش کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ یہ درست ہے کہ لوگوں کے جذبات مشتعل ہوئے۔غیر معمولی احساسات ابھرے۔قانون اور امن کا مسئلہ بھی پیداہوا۔جائیداد اورجانوں کا اتلاف ہوا۔پریشانی کے لمحات آئے۔تمام قوم گزشتہ تین ماہ سے تشویش کے عالم میں رہی اوراس پر کشمکش اور بیم ورجا کے عالم میں رہی۔ طرح طرح کی افواہیں کثرت سے پھیلائی گئیں اورتقریریں کی گئیں۔ مساجد اورگلیوں میں بھی تقریروں کا سلسلہ جاری رہا۔میں یہاں اوراس وقت یہ دہرانا نہیں چاہتا کہ ۲۲اور۲۹؍مئی کو کیاہواتھا۔میں موجودہ مسئلے کی وجوہات کے بارے میں بھی کچھ کہنا نہیںچاہتا کہ یہ مسئلہ کس طرح رونما ہوا اور کس طرح اس نے جنگل کی آگ کی طرح تمام ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔میرے لئے اس وقت یہ مناسب نہیں کہ میں موجودہ معاملات کی تہہ تک جاؤں۔لیکن میں اجازت چاہتا ہوں کہ اس معزز ایوان کی توجہ اس تقریر کی طرف دلاؤں جو میں نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے ۱۳جون کو کی تھی۔
اس تقریر میں،میں نے پاکستان کے عوام سے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ یہ مسئلہ بنیادی اور اصولی طور پرمذہبی مسئلہ ہے۔پاکستان کی بنیاد اسلام پرہے۔پاکستان مسلمانوں کے لئے وجو د میں آیاتھا۔ اگر کوئی ایسا فیصلہ کر لیاجاتا جسے اس ملک کے مسلمانوں کی اکثریت اسلام کی تعلیمات اور اعتقادات کے خلاف سمجھتی تو ا س سے پاکستان کی علت غائی اور اس کے تصور کو بھی ٹھیس لگنے کا اندیشہ تھا۔چونکہ یہ مسئلہ خالص مذہبی تھا۔اس لئے میری حکومت کے لئے یا ایک فرد کی حیثیت سے میرے لئے مناسب نہ تھاکہ اس پر ۱۳جون کو کوئی فیصلہ دیا جاتا۔
لاہور میں مجھے کئی ایک ایسے لوگ ملے جو اس مسئلے کے باعث مشتعل تھے۔ وہ مجھے کہہ رہے تھے کہ آپ آج ہی،ابھی ابھی اور یہیں وہ اعلان کیوں نہیں کر دیتے جو کہ پاکستان کے مسلمانوں کی اکثریت چاہتی ہے۔ان لوگوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ یہ اعلان کر دیں تو اس سے آپ کی حکومت کو بڑی داد وتحسین ملے گی اورآپ کو ایک فرد کے طور پر نہایت شاندار شہرت اور ناموری حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے عوام کی خواہشات کو پورا کرنے کا یہ موقع گنوادیا تو آپ اپنی زندگی کے ایک سنہری موقع سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔میں نے اپنے ان احباب سے کہا کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ اوربسیط مسئلہ ہے۔جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو نوے سال سے پریشان کررکھا ہے اورپاکستان بننے کے ساتھ ہی یہ پاکستان کے مسلمانوں کے لئے بھی