تیسری روایت:
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا: میرے بزرگوں میں سے کبھی کوئی مرد وعورت بدکاری سے نہیں ملے (کبھی بھی بدکاری سے نہ ملنے کا مطلب یہ ہے کہ جس ملاپ کو میرے نسب میں بھی دخل نہیں ہے، مثلاً جس میں حمل نہ ٹھہرے ،وہ بھی بلانکاح نہیں ہوا۔یعنی میرے سب باپ دادا مرد وعورت ہمیشہ برے کام سے پاک رہے ) اللہ تعالیٰ مجھے ہمیشہ پاکیزہ پیٹھوں سے پاک رحموں میں پاک وصاف طریقے سے منتقل کرتا رہا ، جب کبھی دو شعبے ہوئے(جیسے عرب وعجم پھر قریش وغیر قریش وغیرہ وغیرہ) میں ہمیشہ بہترین شعبہ میں رہا۔(۳)
(۱)ترمذی(۲) طبرانی اوسط، ابو نعیم، ابن عساکر، مواہب (۳) ابو نعیم، مواھب۔
چوتھی روایت:
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا رسول اللہ ﷺ کا ارشاد نقل کرتی ہیں کہ جبرئیل علیہ السلام نے ارشاد فرمایا میں تمام مشارق ومغارب میں پھرا، میں نے کوئی شخص محمد ﷺ سے افضل اور کوئی خاندان بنی ہاشم سے افضل نہیں دیکھا(۱) ۔
فائدہ: حضرت جبرئیل علیہ السلام کے اس قول کا اس شعر میں گویا ترجمہ کیا گیا ہے۔
آفاقہا گردید ام مہرِ بتاں ور زیدہ ام
بسیار خوباں دیدہ ام لیکن تو چیزے دیگری