پہلی روایت:
حضرت عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: میں عبد اللہ کا بیٹا اور عبد المطلب کا پوتا محمدﷺ ہوں، اللہ تعالیٰ نے جب مخلوق کوپیدا کیا تو مجھے اچھے گروہ یعنی انسانوں میں پیدا کیا ۔پھر انسانوں میں دو فرقے پیدا کیئے عرب اور عجم، مجھے اچھے فرقے یعنی عرب میں پیدا کیا پھر عرب میں کئی قبیلے بنائے اور مجھ کو سب سے اچھے قبیلے یعنی قریش میں پیدا کیا پھر قریش میں کئی خاندان بنائے اور مجھ کو سب سے اچھے خاندان یعنی بنی ہاشم میں پیدا کیا ، اس لئے میں ذاتی طور پر بھی سب سے اچھا ہوں اور خاندانی اعتبار سے بھی سب سے اچھا ہوں۔ الخ۔(۱)
دوسری روایت:
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا: میں نکاح سے پیدا ہوا ہوں، بدکاری سے پیدا نہیں ہوا ، آدم علیہ السلام سے لے کر میری والدین تک جاہلیت کی بدکاری کی کوئی ملاوٹ نہیں ہے (یعنی زمانہ جاہلیت میں جو بے احتیاطی ہوا کرتی تھی میرے باپ اور مائیں حضرت آدم علیہ السلام تک سب اس سے پاک رہے بس میرے نسب میں کوئی میل نہیں ہے)۔(۲)