M
ان صفحات میں خصوصی کمیٹی کی قرارداد کامتن،آئین میں ترمیم کابل اوروزیراعظم پاکستان جناب ذوالفقار علی بھٹو کی تقریر کا متن دیاجارہا ہے۔جو انہوںنے ۷؍ستمبر ۱۹۷۴ء اس وقت کی،جبکہ پارلیمنٹ نے ختم نبوت کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے قانون پاس کیا۔
قرارداد
قومی اسمبلی کے کل ایوان پر مشتمل خصوصی کمیٹی متفقہ طور پر طے کرتی ہے کہ حسب ذیل سفارشات قومی اسمبلی کوغور اورمنظوری کے لئے بھیجی جائیں۔
کل ایوان پر مشتمل خصوصی کمیٹی اپنی رہنماء کمیٹی اورذیلی کمیٹی کی طرف سے اس کے سامنے پیش یا قومی اسمبلی کی طرف سے اس کو بھیجی گئی قراردادوں پر غور کرنے اور دستاویزات کا مطالعہ کرنے اورگواہوں بشمول سربراہان انجمن احمدیہ ’’ربوہ اورانجمن احمدیہ اشاعت اسلام‘‘ لاہور کی شہادتوں اورجرح پر غور کرنے کے بعد متفقہ طور پر قومی اسمبلی کو حسب ذیل سفارشات پیش کرتی ہے۔
الف… کہ پاکستان کے آئین میں حسب ذیل ترمیم کی جائے:
(اول )دفعہ ۱۰۶(۳) میں قادیانی جماعت اور لاہوری جماعت کے اشخاص (جو اپنے آپ کو احمدی کہتے ہیں)کاذکر کیا جائے۔
(دوم)دفعہ ۲۶۰میں ایک نئی شق کے ذریعے غیر مسلم کی تعریف درج کی جائے۔
مذکورہ بالاسفارشات کے نفاذ کے لئے خصوصی کمیٹی کی طرف سے متفقہ طور پر منظور شدہ مسودہ قانون منسلک ہے۔
ب… کہ مجموعہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ ۲۹۵ الف میں حسب ذیل تشریح کی جائے:
تشریح… کوئی مسلمان جو آئین کی دفعہ ۲۶۰ کی شق(۳) کی تصریحات کے مطابق محمدﷺ کے خاتم النبیین ہونے کے تصور کے خلاف عقیدہ رکھے یا عمل یا تبلیغ کرے،وہ دفعہ ہذا کے تحت مستوجب سزا ہوگا۔
ج… کہ متعلقہ قوانین مثلاًقومی رجسٹریشن ایکٹ ۱۹۷۳ء اور انتخابی فہرستوں کے قواعد ، ۱۹۷۴ء میں منتخبہ قانونی اور ضابطہ کی ترمیمات کی جائیں۔