کلمات توثیق ودعا
بہ قلم: ماہر علوم عقلیہ ونقلیہ مولانا محمد یونس صاحب تاجپوری دامت برکاتہم
(شیخ الحدیث جامعہ امداد العلوم وڈالی)
۰
الحمد للہ رب العالمین، والصلاۃ والسلام علیٰ سید المرسلین۔
فاضلِ کامل، نابغۂ روزگار: مولوی حافظ محمد حسین صاحب دہلوی کی أنوارُالمَطالِع فيْ ھدایاتِ المُطالِع نامی کتاب ایک قیمتی اور گوہر بے بہا تالیف ہے، مؤلف نے اِس میں اصولِ علمِ مطالعہ اور اُس سے متعلق طلبہ کے لیے ضروری اُمور کو عمدہ ترتیب سے پِرو دیا ہے؛ لیکن کتاب قدیم اردو طرز میں لکھی ہوئی تھی؛ اِس لیے ضرورت تھی کہ اِس کو جدید اسلوب میں ڈھال کر سہل سے سہل تر انداز میں طالبانِ علومِ نبوت کے سامنے پیش کیا جائے۔ اِس کام کا قرعۂ فال محب مکرم، ذکی وفطین، لائق وفائق مولوی محمد الیاس گڈھوی (مدرس مدرسہ دعوت الایمان مانک پور ٹکولی) سلمہ اللہ تعالیٰ کے نام نکلا، چناں چہ موصوف نے پوری عرق ریزی اور جانکاہی سے اِس کام کو انجام دیا۔
مَیں نے پورے حواشی دیکھے، ماشاء اللہ اِس کا حق ادا کیا ہے، تمام ضروری جگہوں میں مثالوں سے وضاحت، ترتیب وتنسیق کے ساتھ اصول وضوابط اور ضروری اشیاء کو اِس طور پر زیبِ قرطاس کیا ہے کہ، قاری کے لیے کتاب سمجھنا آسان ہوگیا ہے، اور حسنِ تعبیر، فصاحتِ کلام کو بھی ہاتھ سے نہیں جانے دیا ہے، اور دیگر محاسن وخوبیوں سے آراستہ وپیراستہ ہے جس کا بہ خوبی اندازہ قارئین کرلیں گے۔
اللہ سبحانہ وتعالیٰ مؤلف ومحشی کو مستفدین کی طرف سے بہترین بدلہ عطا فرمائیں ، اور اُن کو صالحین کے گروہ میں شامل فرمائیں ۔ مجھے نکتہ نواز پروردگار سے پوری توقع ہے کہ، یہ