حاصل کرنے کے اسباب یعنی عملِ صالح وتوبہ وغیرہ کو اختیار نہ کرے اس کو مقام رجا حاصل نہیں وہ دھوکہ میں ہے۔ جیسے کوئی شخص تخم پاشی نہ کرے اور غلہ پیدا ہونے کا منتظر رہے، صرف ہوس خام ہے۔
طریقِ تحصیل:۔ اﷲ تعالیٰ کی وُسعتِ رحمت اور عنایت کو یاد کیا کرے اور سوچا کرے۔
فصل نمبر۵:خوف میں
قال اﷲ تعالیٰ: وَاخْشَوْنِیْ، الآیۃ۔ وقال رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم: من خاف ادلج ومن ادلج بلغ المنزل الا ان سلعۃاﷲ غالیۃ الا ان سلعۃ اﷲ الجنۃ۔ رواہ الترمذی
(فرمایا اﷲ تعالیٰ نے اور ڈرو مجھ سے ۔ اور فرمایا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے: جو ڈرتا ہے رات ہی سے چلتا ہے اور جو رات سے ہی چلتا ہے منزل پر پہنچ جاتا ہے، سُن لو اﷲ کا سودا گراں ہے آگاہ رہو اﷲ کا سودا جنت ہے)
ماہیت:۔ قلب کا دردناک ہونا ایسی چیز کے حال میں جو ناگوار طبع ہو اور اس کے آئندہ واقع ہونے کا اندیشہ ہو۔
طریقِ تحصیل:۔ اﷲ تعالیٰ کے قہر وعتاب کو یاد کیا کرے اور سوچا کرے۔
فصل نمبر۶:زہد میں
قال اﷲ تعالیٰ: لِکَیْلَا تَأْسَوْا عَلٰی مَافَاتَکُمْ وَلَاتَفْرَحُوْا بِمَا اٰتَاکُمْ۔ وقال رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم: اول صلاح ھذہ الامۃ الیقین والزہد واول فسادہا البخل والامل۔ رواہ البیہقی فی شعب الایمان
(تاکہ افسوس نہ کرو فوت ہوئی چیز پر اور خوشی سے نہ اتراجاؤ اس پر جو تم کو دیا ہے۔ اور فرمایا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے اول بہتری اس امت کی یقین ہے اور زہد، اور اوّل بگاڑ اس امت کا بخل ہے اور طول امل ہے)
ماہیت:۔ کسی رغبت کی چیز کو چھوڑ کر اس سے بہتر چیز کی طرف مائل ہونا۔ مثلاً دنیا کی رغبت علیٰحدہ کر کے آخرت کی طرف رغبت کرنا۔