ماہیت:۔ جب غصے میں بدلہ لینے کی قدرت نہیں ہوتی تو اس کے ضبط کرنے سے اس شخص کی طرف سے دل پر ایک قسم کی گرانی سی ہوجاتی ہے اس کو حقد یعنی کینہ کہتے ہیں۔
معالجہ:۔ اس شخص کا قصور معاف کر کے اس سے میل جول شروع کرے گو بتکلف سہی، چند روز میں کینہ دل سے نکل جاوے گا۔
فصل: حسد میں
قال اﷲ تعالیٰ: وَمِنْ شَرِّ حَاسِدٍ اِذَا حَسَدَ۔ وقال رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم لاتحاسدوا۔ رواہ البخاری
(اور پناہ مانگتا ہوں میں حاسد کے شر سے جب حسد کرے ۔ اور فرمایا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے:آپس میں حسد نہ کرو)
ماہیت:۔ کسی شخص کی اچھی حالت کا ناگوار گذرنا اور یہ آرزو کرنا کہ یہ اچھی حالت اس کی زائل ہوجاوے۔
معالجہ:۔ گو بتکلف ہی سہی اس شخص کی خوب تعریف کیا کرو، اور اس کے ساتھ خوب احسان سلوک تواضع سے پیش آؤ۔ ان معاملات سے اس شخص کے قلب میں تمہاری محبت پیدا ہوگی پھر وہ تم سے اسی طور پیش آوے گااس سے تمہارے دل میں اس کی محبت ہوگی اور حسد جاتا رہے گا۔
فصل : حب دنیا میں
قال اﷲ تعالیٰ: وَمَا الْحَیٰوۃُ الدُّنْیَا اِلَّا مَتَاعُ الْغُرُوْرِ، الآیۃ۔ وقال رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم: الدنیا سجن المؤمن وجنۃ الکافر۔ رواہ مسلم
(اور نہیں ہے زندگانی مگر دھوکے کی ٹٹی ۔اور فرمایا رسول علیہ السلام نے: دنیا مؤمن کا قید خانہ ہے اور کافر کی جنت)
ماہیت دنیا :۔ جس چیز میں فی الحال حظ نفس ہو اور آخرت میںاس کا کوئی نیک ثمرہ مرتب نہ ہو وہ دنیا ہے۔
معالجہ:۔ موت کو کثرت سے یادکیا کرے اور مدتوں کیلئے منصوبے اور سامان نہ کرے۔