فصل: غرور میں
قال اﷲ تعالیٰ: وَلَایَغُرَّنَّکُمْ بِاللّٰہِ الْغَرُوْر، الآیۃ۔ وقال رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم:التجافی عن دار الغرور۔ رواہ البیہقی فی شعب الایمان
(اور نہ دھوکا دے تم کو اﷲ کی باتوں میں شیطان۔ اور فرمایا رسول اﷲصلی اﷲ علیہ وسلم نے: الگ رہنا دھوکے کی ٹٹی یعنی دنیا سے)
ماہیت:۔ جو اعتقاد خواہش نفسانی کے موافق ہو اور اس کی طرف طبیعت مائل ہو کسی شبہ اور شیطان کے دھوکے کے سبب اس پر نفس کو اطمینان حاصل ہونا۔
معالجہ:۔ ہمیشہ اپنے اعمال واحوال کو قرآن وحدیث وبزرگان دین کے اقوال وافعال سے ملاتا رہے۔ ان رذائل کے ازالہ سے باقی رذائل سب دفع ہوجاویں گے۔ ان اوصافِ حمیدہ و ذمیمہ کو کسی بزرگ نے دو رباعیوں میں اختصار واجمال کے ساتھ جمع فرمایا ہے۔ وہ رباعیاں قابل یاد رکھنے کے بلکہ وظیفہ بنانے کے ہیں۔
رباعی
خواہی کہ شوی بمنزلِ قربِ عظیم
نُہ چیز بنفس خویش فرما تعلیم
صبر و شکر و قناعت و علم و یقین
تفویض و توکل و رضا و تسلیم
رباعی
خواہی کہ شود دل تو چوں آئینہ
دہ چیز بروں کن از درون سینہ
حرص و امل و غضب و دروغ و غیبت
بخل و حسد و ریا و کبر و کینہ
فصل: جاننا چاہئے کہ مقام مراقبہ کے متعلق دو چیزیں اور ہیں: ایک مشارطہ کہ مراقبے سے پہلے ہے، دوسرے محاسبہ جو مراقبے کے بعد ہے۔
مشارطت یہ کہ روزانہ صبح کو اٹھ کر تھوڑی دیر تنہائی میں بیٹھ کر اپنے نفس کو خوب فہمائش کرے