زیادہ تعریف خوشامد کرنا، ذات، صفات الٰہی میں محض اٹکل پچو گفتگو کرنا، علماء سے فضول باتیں پوچھنا۔
معالجہ:۔ جو بات کہنا ہو تھوڑی دیر پہلے تامل کر لے کہ اس سے اﷲ تعالیٰ جو کہ سمیع بصیر ہیں ناخوش تو نہ ہوں گے۔ انشاء اﷲتعالیٰ کوئی بات گناہ کی منہ سے نہ نکلے گی۔
فصل: غضب میں
قال اﷲ تعالیٰ: اِذْ جَعَلَ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا فِیْ قُلُوْبِہِمُ الْحَمِیَّۃَ حَمِیَّۃَ الْجَاھِلِیَّۃِ، الآیۃ۔ وقال النبی صلی اﷲ علیہ وسلم: لا تغضب۔ رواہ البخاری
(جب کیا ان لوگوں نے کہ کافر ہوئے اپنے دلوں میں کد کد جاہلیت کی۔ اور فرمایا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے غصہ مت کرو)
ماہیت:۔ جوش مارنا خون قلب کا بدلہ لینے کیلئے۔
معالجہ:۔ یہ یاد کرے کہ اﷲ تعالیٰ کی مجھ پر زیادہ قدرت ہے اور میں اس کی نافرمانی بھی کیا کرتا ہوں۔ اگر وہ بھی مجھ سے یہی معاملہ کریں تو کیا ہو۔ اور یہ سوچے کہ بدون ارادہ خداوندی کے کچھ واقع نہیں ہوتا، سو میں کیا چیز ہوں کہ مشیئت الٰہی میں مزاحمت کرو، اور زبان سے’’ اعوذ باﷲ‘‘ پڑھے۔ اور۱؎ اگرکھڑا ہو بیٹھ جاوے جو بیٹھا ہو لیٹ جاوے اور ٹھنڈے پانی سے وضو کر ڈالے۔ اگر اس سے بھی نہ جاوے تو اس شخص سے علیحدہ ہوجاوے یا اس کو علیحدہ کر دے۔
فصل: حقد میں
قال اﷲ تعالیٰ: خُذِ الْعَفْوَ وَأْمُرْ بِالْعُرْفِ وَ اَعْرِضْ عَنِ الْجٰھِلِیْنَ، الآیۃ۔ وقال رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم: لاتباغضوا۔ متفق علیہ
(اختیار کرو معاف کر دینے کو اور حکم کرو اچھی بات کا اور منہ موڑ لو جاہلوں سے۔اور فرمایا رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے آپس میں بغض نہ رکھو)
----------------
۱؎ قال رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم : اذا غضب احدکم فلیتوضأ، رواہ ابوداو‘د۔ وقال علیہ السلام: اذا غضب احدکم وہو قائم فلیجلس فان ذہب عنہ الغضب والا فلیضطجع، رواہ احمد والترمذی