بسم اللہ الرحمن الرحیم
مقدمہ
بقلم : حضرت مولانا حکیم احمد حسن خاں صاحب ٹونکی ،
مفتی شہر جے پور وسابق مفتی ’’ شرعی عدالت ‘‘ ریاست ٹونک (راجستھان )
عالم محترم مولانا حفظ الرحمن اعظمی ندوی کی کتاب’’تمباکو اور اسلام‘‘ کاتب الحروف کے سامنے ہے، اس سے پہلے اعظمی صاحب کے اہداء سے ان کی چند نگارشات و کتب پڑھنے کا موقع ملا ہے ، اسی وقت سے اعظمی صاحب کے عمیق و تحقیقی مطالعہ کا اندازہ ہوا۔
گذشتہ سال ماہنامہ ہدایت جے پور میں تمباکو نوشی سے متعلق اعظمی صاحب کی تحریرات سامنے آئیں ، دلچسپی کے ساتھ پڑھتا رہا، چاہتا تھا کہ مولانا کی اس سلسلہ کی پوری تحقیق سامنے آئے، لیکن درمیان میں ماہنامہ ہدایت کے نہ ملنے یا سلسلۂ نگارش رک جانے کے سبب بقیہ موضوعات وخیالات سامنے نہ آسکے، اب تکمیل کتاب کے بعد مولانا محترم نے کمپیوٹر ٹائپ سے حاصل کرکے ایک کاپی اظہار رائے کے لیے دی، ماہ صیام سامنے تھااس لیے بعد رمضان لکھنے کا وعدہ کرلیا آج شوال کی پہلی تاریخ ہے وعدہ کی تکمیل کرنی ہے، تمباکو سے متعلق مولاناکا معلوماتی و تحقیقاتی مجموعہ پیشِ نظر ہے، بعد عشاء مشاغل ضروریہ سے فارغ ہوکرپڑھنا شروع کردیا،خیال تھا کہ اس نشست میں اور پھر دوسری نشست میں پورا کیا جا سکے گا، لیکن شروع کرنے کے بعد مضمون کتاب نے خصوصاً اس کی ترتیب و طرزِ نگارش و دلائل نے ناقص چھوڑدینے کی اجازت نہ دی، دیر رات تک پڑھتا رہا،پہلی نشست میں تو پورا نہ کرسکا، لیکن اگلی چند راتوں میں پورا پڑھ لیا مولانا کی جد وسعی سے اس موضوع پر ایک ہی جگہ اس قدر ذخیرہ مل