تبصرہ ماہنا مہ ’’ دار السلام‘‘ مالیر کوٹلہ پنجاب
تمباکونوشی ہرصورت میں نقصان دہ ہے۔ خاص طور پر بیڑی سگریٹ کی صورت میں تمباکو کے نقصانات پر تمام اطباء اور ڈاکٹروں کا تقریباً اتفاق ہے۔ شرعی طور پر نجد کے علماء کا تمباکونوشی پر اپنا ایک نقطۂ نظر ہے اور وہ مختلف دلائل کی روشنی میں اس کو حرام قرار دیتے ہیں ۔ اس کتاب کے مؤلف کیونکہ مدینہ یونیورسٹی کے فاضل ہیں اس لیے قدرتی طور پر وہاں کے علماء سے متاثر ہیں ۔ کتاب صاف ستھری ہے اور تمباکونوش اگر اس کو پڑھ کر اس بُری حرکت سے باز آجائیں تو ہم سمجھیں گے ، یہ کتاب اپنے مقصد میں کامیاب ہے۔
ماہنامہ ’’دار السلام‘‘ شمارہ نومبر ۲۰۰۳ء
تبصرہ ہفت روزہ ’’عالمی سہارا‘‘دہلی
زیر نظر کتاب ’’تمباکو اور اسلام ‘‘ مولانا حفظ الرحمن اعظمی ندوی کی تحقیقی کد و کاوش ہے جس میں تمباکو کی ہیئت ِ ترکیبی، تاریخی پسِ منظر اور طبی تحقیق کی روشنی میں اس کے نقصانات کا تفصیل سے ذکر کیاگیاہے نیز تمباکو کی اباحت و حرمت سے متعلق ائمۂ اربعہ کے رجحانات اور مختلف مسالک کے علماء کی آراء بیان کی گئی ہیں ۔
تمباکو میں نکوٹین نامی مادہ پایا جاتاہے۔ تمباکو کھانے ، بیڑی، سگریٹ اور حقّہ پینے کے علاوہ اس کے دیگر طریقۂ استعمال سے نکوٹین انسان کے اندر سرایت کرتاہے، جس سے انسان کو وقتی طور پر خمار و سرور حاصل ہوتاہے۔ اس کی حلت و حرمت پر مختلف ائمہ و علماء میں اختلافات تو پائے جاتے ہیں مگر اس پر سب کا اتفاق ہے کہ یہ چیزیں مضر و مہلک ہیں ۔ سروے سے یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ بیڑی وسگریٹ سے پیدا ہونے والی بیماریاں اور اس کے نتیجے