تقریظ بقلم حضرت مولانا محمد ظفیر الدین مفتاحی رحمہ اللہ
مفتی دار العلوم دیوبند
آپ کی کتاب ’’تمباکو اور اسلام‘‘ملی، میں نے اس کا بڑا حصّہ پڑھا، دلی مسرّت ہوئی کہ آپ نے جستجو کا حق ادا کردیا۔ یہ واقعہ ہے، آپ نے اس کتاب کے لکھنے میں بڑی محنت و کاوش کی ہے، جو کچھ لکھا مدلل لکھا اور بہت خوب لکھاہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی اس محنت کو قبول فرمائے، خدا کرے آپ کی یہ محنت مسلسل جاری رہے اور دینی مسائل پر کچھ نہ کچھ لکھتے رہیں ۔ ماشاء اللہ آپ میں مطالعہ کا کافی ذوق ہے اور لکھنے کا عمدہ سلیقہ ہے۔
یکم رجب المرجب ۱۴۲۳ھ محمد ظفیر الدین غفرلہ(مفتی دار العلوم دیوبند)
تقریظ بقلم حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمن بجنوری رحمہ اللہ
تمباکو ایک مشہور نبات ہے جو دنیا بھر میں حقّہ، بیڑی، پان، سگریٹ اور نسوار وغیرہ متعدد طور پر استعمال ہوتاہے۔ لائق مصنف نے اس موضوع پر نہایت تحقیق سے لکھاہے، اگر یہ مقالہ کسی یونیورسٹی کی جانب سے ہوتا تو فاضل مصنف کو اس پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کی جاتی۔
تمباکو کو میں نے طالب علمی کے زمانے سے پیشتر حقّہ، بیڑی، سگریٹ کی صورت میں استعمال کیاہے اور اب پان کی صورت میں اس طرح استعمال کرتا ہوں کہ پہلے اس کو خوب دھوکر سُکھالیتا ہوں ، اس طرح اس میں ہلکی کڑواہٹ رہتی ہے، اس کے باوجود بھی یہ نقصان دہ ہے۔ تمباکو بھلے ہی جائز الاستعمال ہے لیکن اس کا ترک ہر اعتبار سے بہتر ہے۔ ترکِ تمباکو نوشی پر مصنف کی یہ قابلِ قدر تصنیف ہے، اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔ آمین۔
۲۵؍جنوری ۲۰۰۳ء عزیز الرحمن غفرلہ ،بجنور