عرض ناشر
عوام میں تمباکو نوشی کی کثرت باعث تعجب نہیں ہے ، آج کے دورمیں اکثرجوان لڑکے ، شوقین مزاج، تمباکو نوشی اور سگریٹ نوشی کو فخر سمجھتے ہیں نہ صرف کم پڑھے لکھے افراد ہی اس کا شوق رکھتے ہیں بلکہ آج کل کے گریجویٹ اورخاصے تعلیم یافتہ اشخاص خاص کر کالج میں پڑھنے والے طلبہ اورطالبات تمباکو نوشی کو فخر سمجھتے ہیں ۔ مصنف نے اس کتاب میں ان تمام پہلوؤں کو روشن اورواضح انداز میں علمائے کرام کے بیان اور فتاویٰ کے ذریعہ مدلل کیا ہے ۔
کتاب کا مطالعہ کرنے سے آپ کویقین ہوجائے گا کہ مصنف نے بہت عرق ریزی سے کام لیا ہے اور اس کتاب کو ترتیب دینے میں بڑی جاں فشانی کی ہے ، واقعتاً مصنف نے اس کتاب کو ترتیب دے کر لائق تحسین کام کیا ہے ۔ اس موضوع پر اتنا مواد دوسری کسی کتاب میں ملنا مشکل ہے ۔
مصنف نے اس کتاب میں تمباکو کی حقیقت اور اس کا علمی وتاریخی پس منظر ، تمباکو کی طبّی حیثیت ، تمباکو نوشی کے طریقے ، تمباکو کی اسلام میں حیثیت اورائمہ اربعہ کی آراء ، نیز تمباکو کی اباحت کے دلائل کا جائزہ وغیرہ اوربہت سی ایسی باتیں لکھی ہیں جو اس موضوع کے متعلق ہیں ۔
الحمد للہ! ہم اس کتاب کو شائع کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ انشاء اللہ یہ کتاب عوام و خواص تمام میں مقبول ہوگی ۔ اس کتاب کا مطالعہ ہر طبقہ کے لوگوں کے لیے بہت ضروری ہے، اس میں تمباکو نوشی کے تمام پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے ، اس کے مطالعہ سے بہت فائدہ ہوگا ۔
آخر میں دعاگو ہیں کہ اللہ جل جلالہٗ مصنف کتاب کی اس گراں قدر محنت کو قبول فرمائے اور اس کتاب سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔
الحاج محمد ناصر خاں