از: حضرت مولانا سید اصغر حسین صاحبؒ
بسم اﷲالرحمن الرحیم
حمد و ثنا ہے اُس خالق کو جس نے فرمایا قُلْ اِنْ کُنْتُمْ تُحِبُّوْنَ اللّٰہَ فَاتَّبِعُوْنِی یُحْبِبْکُمُ اللّٰہُ یعنی اگر تم کو اﷲکی محبت ہے تو پیروی کرو حضرت رسول اکرم ﷺ کی ۔ ہمارے حضرت نے فرمایا ہے کہ جس نے میری تابعداری کی وہ داخل ہوا جنت میں اور جس نے پیروی اور تابعداری سے انکار کیا وہ داخل ہوا دوزخ میں (یہ حدیث مشکوٰۃ شریف میں درج ہے)
پس اے مسلمانو! ضروری ہوا کہ ہر ایک بات میں آپ کی تابعداری کی جائے ۔ جس طرح آپﷺ نے فرمایا اسی طرح کرنا چاہئے۔ کبھی کسی سنّت کو چھوٹا اور کمتر نہ سمجھنا چاہئے۔ اس لئے کہ حدیث شریف میں ہے کہ چھوٹی سے چھوٹی سنت پر عمل کرنا بہتر ہے بڑے بڑے کاموں سے۔ دیکھو اﷲ تعالیٰ نے غریبوں کے لئے کیسی آسانی فرما دی کہ جن کو بڑے بڑے کاموں کی طاقت اور مقدور نہیں ہے ان کو چاہئے کہ وہ طریقۂ سنت نبیﷺ کے اوپر عمل فرمائیں۔ تو ان کو مدرسہ بنانے، پُل بنانے، کنواں بنانے سے زیادہ ثواب ملے گا۔ جب یہ بات معلوم ہوگئی تو ضروری ہوا کہ سب مسلمان بھائی طریقہ سُنّت نبی ﷺ سے واقف ہوں ۔ اسی ضرورت کے پیش نظر بندئہ عاجز کمترین نے ارادہ کیا کہ حدیث کی معتبر کتابوں سے سنّت کے طریقے لکھے جائیں۔ چنانچہ یہ سب طریقے صحیح بخاری، مسلم شریف، ترمذی شریف سے جمع کئے گئے ہیں اور اس کا نام ’’طریقۂ رسول‘‘ رکھا ہے تاکہ سب مسلمان بھائی سنت کی راہ پائیں اور اُن پر عمل کر کے جنت میں بڑے بڑے درجے حاصل فرمائیں۔ اب ہر ایک کام کی مختصر مختصر سنتیں بیان کی جاتی ہیں۔ امید ہے کہ عام مسلمان بھائی اس سے فائدہ حاصل فرمائیں گے۔
صبح کو جاگنے اور کام میں لگنے کی سنتیں
سنت۱:۔ جب صبح کو جاگو تو تین دفعہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ کہو اور کلمہ شریف پڑھو اور یہ دعا پڑھو:
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ رَدَّ عَلَیَّ رُوْحِیْ وَلَمْ یُمْسِکْھَا فِیْ مَنَامِیْ
سنت۲:۔برتن میں ہاتھ ڈالنے سے پہلے ہاتھوں کو خوب تین دفعہ دھو لو۔
سنت۳:۔اگر فرصت ہو تو صبح کی نماز کے بعد سورج ایک بانس بلند ہونے تک بیٹھا رہے اور خدا تعالیٰ کا ذکر کرتا رہے۔ پھر دو یا چار رکعت نماز نفل پڑھ کر اُٹھے انشاء اﷲتعالیٰ ایک حج اور ایک عمرہ کا ثواب پائے گا۔
سنت۴:۔اور پھر کسی حلال روزی کے شغل میں لگ جائے اور تمام دن وقت پر نمازیں ادا کرتا رہے تو یہ پورا دن عبادت میں لکھا جائے گا۔