ہائے ہم نے دنیا میں اچھے کام کیوں نہ کیے، اللہ تعالیٰ پر ایمان کیوں نہیں لائے، لیکن اس وقت افسوس کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، اللہ تعالیٰ ان کے متعلق فرماتے ہیں:
{اِذَا اُلْقُوْا فِیْہَا سَمِعُوْا لَہَا شَہِیْقاً وَہِیَ تَفُوْرo تَکَادُ تَمَیَّزُ مِنَ الْغَیْْظِ ط کُلَّمَا اُلْقِیَ فِیْہَا فَوْجٌ سَاَلَہُمْ خَزَنَتُہَا اَلَمْ یَاْتِکُمْ نَذِیْرo قَالُوْا بَلٰی قَدْ جَائَ نَا نَذِیْرٌلا فَکَذَّبْنَا وَقُلْنَا مَا نَزَّلَ اللّٰہُ مِنْ شَیْْئٍ ج اِنْ اَنتُمْ اِلَّا فِیْ ضَلٰلٍ کَبِیْرٍo وَقَالُوْا لَوْ کُنَّا نَسْمَعُ اَوْ نَعْقِلُ مَا کُنَّا فِیْ اَصْحٰبِ السَّعِیْرِo} 1
جب وہ اس میں ڈالے جائیں گے تو اس کے دھاڑنے کی آواز سنیں گے، اور وہ جوش مارتی ہوگی، ایسا لگے گا جیسے وہ غصے سے پھٹ پڑے گی۔ جب بھی اس میں (کافروں کا) کوئی گروہ پھینکا جائے گا تو اس کے محافظ ان سے پوچھیں گے کہ کیا تمہارے پاس کوئی خبردار کرنے والا نہیں آیا تھا؟وہ کہیں گے کہ ہاں! بے شک ہمارے پاس خبردار کرنے والا آیا تھا، مگر ہم نے (اسے) جھٹلا دیا، اورکہا کہ اللہ نے کچھ نازل نہیں کیا، تمہاری حقیقت اس کے سوا کچھ نہیں کہ تم بڑی بھاری گمراہی میں پڑے ہوئے ہو۔ اور وہ کہیں گے کہ اگر ہم سن لیا کرتے اور سمجھ سے کام لیا کرتے تو (آج) دوزخ والوں میں شامل نہ ہوتے۔
بچو! جب کافر پر دوزخ کے عذاب پڑیں گے تو چلا اُٹھے گا:
{وَیَقُوْلُ الْکَافِرُ یٰلَیْْتَنِیْ کُنْتُ تُرَاباً }2
اور کافر یہ کہے گا کہ کاش! میں مٹی ہوجاتا۔
بچو! اللہ تعالیٰ ہم سب کو دوزخ کے عذاب سے بچائے۔ آمین
وہ دن آنے سے پہلے کہ ہم یہ کہیں کہ کاش کہ ہم مٹی ہوتے، دنیا میں اچھے اچھے کام کریں، اللہ اور اس کے رسولﷺکی اطاعت کریں تو ان شاء اللہ تعالیٰ دوزخ سے بچ جائیں گے۔
جنت
بچو! کیا اچھا اور پیارا نام ہے ، نام سنتے ہی جی خوش ہوجاتا ہے، جنت میں کیسے کیسے باغ اور نہریں ہوں گی، کیسے کیسے عمدہ محل موتیوں کے ہوں گے کہ ہم اس کاتصور بھی نہیں کرسکتے، جنت میں ہماری ہر خواہش پوری کی جائے گی، جو ہم چاہیں گے فوراً آموجود ہوگا۔ جو ہم چاہیں گے کھائیں گے، جہاں چاہیں گے جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ جنت کے متعلق فرماتے ہیں:
{جَنّٰتُ عَدْنٍ یَّدْخُلُوْنَہَا تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِہَا الاَنْہٰرُ لَہُمْ فِیْہَا مَا یَشَآئُ وْنَ ط کَذٰلِکَ یَجْزِیْ اللّٰہُ الْمُتَّقِیْنَ}1
ہمیشہ ہمیشہ بسنے کے لیے وہ باغات جن میں وہ داخل ہوں گے، جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، اور وہاں جو کچھ وہ چاہیں گے ، انھیں ملے گا۔متقی لوگوں کو اللہ ایسا ہی بدلہ دیتا ہے۔
بچو! اس باغوں والی جنت میں پہننے کے لیے کپڑے اور لباس کیسے ہوں گے؟ وہ بھی سنو: