جہازوں میں، پانی کے جہازوں میں، موٹروں اور بسو ں میں اور مختلف سواریوں میں اور پیدل لاکھوں کی تعداد میں عرفات کے میدان میں جمع ہوکر اللہ تعالیٰ سے دعا مانگتے ہیں اور اللہ تعالیٰ بھی کہتے ہیں کہ جس نے حج کرلیا میں اس کے تمام عمر کے گناہ معاف کردیتا ہوں۔
بچو! تمہیں معلوم ہے کہ مکہ معظمہ میں خانہ کعبہ ہے جس کی طرف ہم منہ کر کے نماز پڑھتے ہیں، اس کوبیت اللہ یعنی اللہ کا گھر بھی کہتے ہیں، اللہ تعالیٰ کے حکم سے یہ حضرت ابراہیم ؑ نے اپنے بیٹے اسماعیل ؑکے ساتھ مل کر بنایا تھا۔ حاجی اور دیگر مسلمان رات دن اس کاطواف کرتے رہتے ہیں، یعنی اس کے گرد چکر لگاتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی تعریف کرتے رہتے ہیں، اور دعائیں مانگتے رہتے ہیں، اسی طرح اللہ تعالیٰ کے عاشق اس گھر کے گرد گھومتے ہوئے ذکر وتسبیح وغیرہ میں مشغول رہتے ہیں۔
بچو!تم جب بڑے ہو جائو اور بالغ ہوجائو تو اس فرض کو ضرور اداکرنا۔
ہمارے پیارے نبیﷺنے ایک حدیث میں ارشاد فرمایا: جس کامفہوم یہ ہے کہ جس پر حج فرض ہو اور اس نے حج نہ کیا تو اللہ کو اس سے غرض نہیں کہ خواہ وہ یہودی ہوکر مرے یانصرانی ہوکر۔ توبہ توبہ!
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اسلام پر موت دے۔ آمین۔
اب چند آیتیں حج کے متعلق ہم قرآن مجید میں سے نقل کرتے ہیں:
{وَاِذْ بَوَّاْنَا لِاِبْرٰہِیْمَ مَکَانَ الْبَیْْتِ اَنْ لَّا تُشْرِکْ بِیْ شَیْْئاً وَطَہِّرْ بَیْْتِیَ لِلطَّآئِفِیْنَ وَالْقآئِمِیْنَ وَالرُّکَّعِ السُّجُوْدِo وَاَذِّنْ فِی النَّاسِ بِالْحَجِّ یَاْتُوْکَ رِجَالاً وَّعَلٰی کُلِّ ضَامِرٍ یَاْتِیْنَ مِنْ کُلِّ فَجٍّ عَمِیْقٍ}1
اور یاد کرو وہ وقت جب ہم نے ابراہیم کو اس گھر( یعنی خانہ کعبہ) کی جگہ بتادی تھی، ( اور یہ ہدایت دی تھی کہ) میرے ساتھ کسی کوشریک نہ ٹھہرانا ، اور میرے گھر کو اُن لوگوں کے لیے پاک رکھنا جو(یہاں) طواف کریں، اور عبادت کے لیے کھڑے ہوں، اور رُکوع سجدے بجالائیں۔اور لوگوں میں حج کااعلان کردو، وہ تمہارے پاس پیدل آئیں، اور دور دراز کے راستوں سے سفر کرنے والی ان اونٹنیوں پر سوار ہو کر آئیں جو( لمبے سفر سے) دبلی ہوگئی ہوں۔
(۶)ماں باپ کی اطاعت
بچو! اللہ تعالیٰ نے اپنی اور رسول اللہﷺکی اطاعت کے بعد ہم پر ماں باپ کی اطاعت بہت ضروری رکھی ہے اور قرآن مجید میں بار بارماں باپ کی اطاعت اور فرماں برداری کی تاکید کی ہے۔
بچو! ہم کچھ بھی نہ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ہم کوماں باپ کی شفقت کے ذریعے سے اتنا بڑا کیا۔ ہم جتنی بھی ان کی خدمت کریں