بے شک اللہ بڑا توبہ قبول کرنے والا بہت مہربان ہے۔
بچو! کیا تم میں سے کوئی اس بات کو پسند کرے گا کہ اپنے مردہ بھائی کاگوشت کھائے۔
(۶)سلام کرنا
بچو! سلام کرنے کے متعلق بڑی تاکید آئی ہے، جب ہم اپنے گھروں میں جایا کریں یاکسی سے ملاقات کیاکریں تو السلام علیکم کہنا چاہیے، یعنی تم پر اللہ کی سلامتی ہو، جس پر اللہ کی سلامتی ہوجائے اس کو پھر اور کیا چاہیے، اس کے علاوہ اور کسی طرح سلام ہر گز نہیں کرنا چاہیے، اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتے ہیں:
{ فَاِذَا دَخَلْتُمْ بُیُوْتاً فَسَلِّمُوْا عَلٰی اَنْفُسِکُمْ تَحِیَّۃً مِّنْ عِنْدِ اللّٰہِ مُبٰرَکَۃً طَیِّبَۃً ط کَذٰلِکَ یُبَیِّنُ اللّٰہُ لَکُمُ الاٰیٰتِ لَعَلَّکُمْ تَعْقِلُوْنَ }1
چناںچہ جب تم گھروں میں داخل ہو تو اپنے لوگوں کو سلام کیا کرو، کہ یہ ملاقات کی وہ بابرکت پاکیزہ دعا ہے جو اللہ کی طرف سے آئی ہے۔ اللہ اسی طرح آیتوں کو تمہارے سامنے کھول کھول کر بیان کرتا ہے، تاکہ تم سمجھ جائو۔
ہمارے پیارے نبی ﷺ نے بہت ساری احادیث میں السلام علیکم کہنے کی بہت تاکید کی ہے۔
حرام چیزیں
بچو! اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں درج ذیل چیزوں کو حرام قرار دیا ہے، یہ کبھی بھول کر بھی ہمیں نہ کرنی چاہییں۔ اور کوئی دوسرا آدمی کرتا ہو تو اسے بھی منع کرنا چاہیے۔ لو سنو:
۱۔ {حُرِّمَتْ عَلَیْْکُمُ الْمَیْْتَۃُ وَالدَّمُ وَلَحْمُ الْخِنْزِیْرِ وَمَا اُہِلَّ لِغَیْْرِاللّٰہِ بِہٖ وَالْمُنْخَنِقَۃُ وَالْمَوْقُوْذَۃُ وَالْمُتَرَدِّیَۃُ وَالنَّطِیْحَۃُ وَمَا اَکَلَ السَّبُعُ اِلاَّ مَا ذَکَّیْْتُمْ قف وَمَا ذُبِحَ عَلَی النُّصُبِ وَاَنْ تَسْتَقْسِمُوْا بِالأَزْلاَمِ ط َٰلِکُمْ فِسْقٌ}2
تم پر مردار جانور اور خون اور سور کاگوشت اور وہ جانور حرام کردیا گیا ہے جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام پکارا گیا ہو، اور وہ جوگلا گھٹنے سے مرا ہو، اور جسے چوٹ مار کر ہلاک کیا گیاہو، اور جو اوپر سے گر کرمراہو، اور جسے کسی جانور نے سینگ مار کر ہلاک کیاہو، اور جسے کسی درندے نے کھالیا ہو، الایہ کہ تم ( اس کے مرنے سے پہلے) اس کو ذبح کرچکے ہو ، اور وہ( جانور بھی حرام ہے) جسے بتوں کی قربان گاہ پر ذبح کیاگیا ہو۔اور یہ بات بھی (تمہارے لیے حرام ہے) کہ تم جوے کے تیروں سے (گوشت وغیرہ) تقسیم کرو۔ یہ ساری باتیں سخت گناہ کی ہیں۔
یعنی یہ سب چیزیں جن کا اوپر ذکر کیا گیا ہے مسلمانوں پر حرام ہیں، ان کے علاوہ مزید حرام چیزوں کابیان حدیث شریف میں بھی آیا ہے۔
بچو! اور باتیں جوسخت گناہ ہیں وہ یہ ہیں: