اور جن چیزوں سے نماز فاسد ہوتی ہے ان سے سجدئہ تلاوت بھی فاسد ہوجاتاہے۔ اگر سجدہ کی ایک ہی آیت ایک جگہ میں کئی مرتبہ پڑھی جائے توصرف ایک ہی سجدہ واجب ہوگا۔ اگرسجدہ کی مختلف آیتیں ایک جگہ پڑھی جائیں گی تو جتنی آیتیں پڑھی جائیں گی اتنے ہی سجدے واجب ہوں گے۔ اگر کسی کوسجدہ کی آیت پڑھنے کے وقت وضو نہ ہو تو پھر جس وقت وضو ہو اس وقت سجدہ کرلے۔
سوالات
۱۔ قرآن شریف میں سجدئہ تلاوت کتنے ہیں؟
۲۔ سجدئہ تلاوت کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
۳۔ سجدئہ تلاوت کی شرطیں کیاہیں؟
بیمار کی نماز:
صحت ہو یا بیماری،نمازکو کسی حالت میں چھوڑنا جائز نہیں۔ جب تک کھڑا ہوکر نماز پڑھ سکتا ہو کھڑا ہوکرپڑھے اورجب کھڑا ہوکر نہ پڑھ سکے تو بیٹھ کر پڑھے۔ بیٹھے بیٹھے رکوع کرکے دونوں سجدے کرے۔ رکوع کے لیے اتنا جھکے کہ پیشانی گھٹنوں کے مقابل ہوجائے ۔اگر رکوع سجدہ کرنے کی بھی قدرت نہ ہو تو لیٹ کر نماز پڑھے اور سجدہ رکوع سر کے اشارہ سے اداکرے، اور سجدہ کے لیے رکوع سے زیادہ سرجھکائے۔ اگر سر سے بھی اشارہ نہ کرسکتاہو تو اگر ایک دن رات سے زیادہ یہی حالت رہے تو نماز معاف ہے، اچھا ہونے کے بعد اس کی قضا واجب نہیں۔ اور اگر ایک دن رات یا اس سے کم ایسی حالت رہی تو اس کی قضا واجب ہے۔