جماعت کے فائدے:
جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے میں بہت سے فائدے ہیں۔ ہم چند فائدے بیان کرتے ہیں:
۱۔ ایک نماز پر ستائیس نمازوں کاثواب ملتاہے۔
۲۔ پانچوں وقت مسلمانوں کو آپس میں ملنا ہوتاہے۔
۳۔ اس کی وجہ سے آپس میں اتفاق اورمحبت ہونا۔
۴۔ دوسروں کو نماز پڑھتے دیکھ کر عبادت کا شوق ہونا۔
۵۔ نماز میں دل لگنا۔
۶۔ بزرگوں کی برکت سے گنہگاروں کی نماز قبول ہوجانا۔
۷۔ بیماروں اور غریبوں کاحال معلوم ہوتا رہنا۔ مل کر نماز پڑھنے سے ایک خاص شان کاظاہرہونا۔
جماعت میں نہ شریک ہونا کن لوگوں کے لیے جائز ہے؟
عورتوں کو اس زمانہ میں مسجد میں آنا اور جماعت سے نماز پڑھنا منع ہے ، نابالغ بچے، بیمار، بیمار کی خدمت کرنے والا، لولا، لنگڑا، اپاہج جس کے ہاتھ پاؤں کٹے ہوئے ہوں، بہت بوڑھا اندھا۔ ان سب پر جماعت میں حاضر ہونا لازم نہیں ہے۔
جماعت میں شریک نہ ہونے کے عذر:
سخت بارش، راستہ میں کیچڑ زیادہ ہونا، سخت جاڑا، رات میں آندھی کاآنا، سفر، کسی آدمی یا جانور کاخوف، قید ہونا، اندھاہونا، اپاہج ہونا، ہاتھ اور پاؤں کا کٹا ہوا ہونا، بیمار ہونا، چلنے سے مجبور ہونا، بہت زیادہ بوڑھا ہونا، علم دین کے ضروری سبق اور تکرار کا فوت ہوجانا کہ جوپھر نہ ہوسکتا ہو۔