اَللّٰہُمَّ أَسْقِنَا غَیْثًا مُغِیْثًا ھَنِیْئًا مَّرِیْئًا مُرِیْعًا غَدَقًا مُجَلِّلاً سَحًّا طَبْقًا دَائِمًا۔
سورج گرہن کی نماز:
جب سورج گرہن ہو تو دو رکعت نماز نفل پڑھنا اور صدقہ کرنا مسنون ہے، یہ نماز جماعت کے ساتھ پڑھی جاتی ہے۔ اذان تکبیر کچھ نہ کہی جائے۔ ویسے ہی لوگوں کو اطلاع کردی جائے۔ اس نماز میں بڑی بڑی سورتیں (جیسے سورئہ بقرہ اور آلِ عمران) پڑھنا مسنون ہے۔ اس نماز کے رکوع سجدے بہت لمبے لمبے کرنے چاہیں۔ قراء ت اس نمازمیں آہستہ پڑھی جائے۔ نماز کے بعد امام دعا مانگے اور سب مقتدی آمین کہیں۔ جب تک گرہن ختم نہ ہو دعا مانگتے رہیں۔ہاں اگر ایسی حالت میں غروب ہوجائے یا کسی نماز کا وقت آجائے تو دعاموقوف کرکے فرض نماز ادا کریں۔ یہ نماز مکروہ وقت میں نہ پڑھی جائے صرف دعا مانگ لی جائے۔ اس نماز میں خطبہ نہیں پڑھاجاتا۔
چاندگرہن کی نماز:
چاندگرہن کے وقت بھی دو رکعت نمازمسنون ہے، لیکن اس میں جماعت مسنون نہیں ہے، سب لوگ علیحدہ علیحدہ اپنے گھروں میںپڑھیں مسجدوں میں جمع نہ ہوں۔
نمازِحاجت:
جب کوئی مصیبت پیش آئے، آندھی آئے، کوئی خوف ہو، زلزلہ آئے، بارش زیادہ ہواورنقصان کا اندیشہ ہو تو علیحدہ علیحدہ نماز پڑھ کر دعا کریں۔ نماز پڑھنے سے سب مصیبتیں دور ہوجاتی ہیں اورضرورتیں پوری ہوتی ہیں۔ جب کوئی ایسی بات پیش آتی تھی تورسول اللہw جلدی سے نماز کی طرف توجہ فرماتے تھے۔