۳۔ اس چیز کا علم ہونا جس کی نیت کرتاہے۔
سوالات
۱۔ تیمم کی شرطیں بیان کرو۔
۲۔ تیمم کے فرائض گنواؤ۔
۳۔ تیمم کا طریقہ بتاؤ۔
نماز کیاچیز ہے؟
نماز خدا تعالیٰ کی عبادت اور بندگی کا ایک خاص طریقہ ہے جو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول w نے مسلمانوں کو سکھایا ہے۔
نمازکا طریقہ:
نماز کا طریقہ یہ ہے کہ جب نماز کا وقت ہوجائے تو مسجد میں یاگھر میں یا اور کسی جگہ پر اللہ تعالیٰ کے سامنے قبلہ کی طرف منہ کرکے نماز کی نیت کرکے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوجاتے ہیں اور خدا کی تعریف، بزرگی اور تعظیم کرتے ہیں۔ قرآن شریف پڑھتے ہیں ، اللہ کے سامنے جھک جاتے ہیں اور زمین پر اپنا ماتھا رکھ کر اپنی عاجزی ظاہرکرتے ہیں۔
فرض نمازوں کے اصل اوقات:
دن رات میں پانچ نمازیں فرض ہیں :اول نمازِفجر، جوصبح صادق کے بعد سے سورج نکلنے سے پہلے تک پڑھی جاسکتی ہے۔ دوسری نمازِ ظہر، جو سورج ڈھلنے کے بعد سے عصرکے وقت تک پڑھی جاسکتی ہے۔ تیسری نمازِ عصر، جو سورج چھپنے سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے پہلے سورج زرد ہونے تک پڑھی جاسکتی ہے۔ چوتھی نمازِ مغرب جو شام کو سورج چھپنے کے بعد سے شفق کے چھپنے تک پڑھی جاسکتی ہے۔پانچویں نماز ِ عشا جو تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ رات گزرنے کے بعد سے صبح صادق تک پڑھی جاسکتی ہے۔