استنجا کرنے کا طریقہ:
وضو کرنے سے پہلے اگرضرورت ہو تو استنجا کرلو۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ پیشاب کے بعد مٹی کے پاک ڈھیلے سے پیشاب کے قطرے جو بعد میں آئے ہیں ان کو خشک کرلو، اس کے بعد پانی سے پیشاب گاہ کودھو ڈالو۔ پاخانہ کے بعد مٹی کے تین یا پانچ ڈھیلوں سے پاخانہ کی جگہ صاف کرو اور پانی سے دھوؤ۔
استنجا کرنا کیساہے؟
اگرپاخانہ یاپیشاب اپنی جگہ سے بڑھ کر اِدھر اُدھر نہ لگا ہو تو استنجاکرنا مستحب ہے۔ اور اگر ادھر ادھر لگ گیا ہو مگر ایک درہم کی برابر یا اس سے کم لگا ہو تو استنجا کرنا سنت ہے، اگر ایک درہم سے زیادہ لگاہو تو استنجا کرنافرض ہے۔
استنجے کے مکروہات:
ہڈی،لید، گوبر اور کھانے کی چیزوں، کوئلے اور کپڑے اور کاغذ سے استنجا کرنا، بلاضرورت داہنے ہاتھ سے استنجا کرنا، استنجاکرتے ہوئے قبلہ کی طرف منہ یا پیٹھ کرنا، باتیں کرنا، کھڑے ہوکر پیشاب کرنا، تالاب یا نہر یا کنویں کے اندر یا ان کے کنارے پر پاخانہ پیشاب کرنا، مسجد کی دیواروں کے پاس یا قبرستان میں پاخانہ پیشاب کرنا، سوراخ میںپیشاب کرنا، نیچی جگہ بیٹھ کر اونچی جگہ پر پیشاب کرنا، وضو یا غسل کی جگہ پیشاب پاخانہ کرنا، ہوا کی طرف منہ کرکے پیشاب کرنا(یہ سب مکروہ ہیں)۔