ہونا فضیلت ہے تو اولاد میں نبی ہونا بدرجہ اولیٰ فضیلت ہوگی۔ پھر یہ فضیلت آنحضورﷺ کے لئے کس طرح ثابت کرو گے؟ اس کے معنی یہ ہیں کہ تم اجماع امت کے خلاف مذکور الصدر انبیاء کو آنحضورﷺ سے افضل سمجھتے ہو؟
مندرجہ بالا تنقید پر نظر کرنے سے صاف ظاہر ہے کہ منکرین ختم نبوت کا اجراء سلسلۂ نبوت پر مندرجہ بالا استدلال محض ایک مغالطہ ہے جو سرتاپا باطل اور لغو ہے اور جس سے جاہلوں اور کم فہموں کو تو دھوکا دیا جاسکتا ہے مگر کوئی سمجھ دار انسان اس سے متاثر نہیں ہوسکتا۔
دوسرا مغالطہ… تغیرات زمانہ میں نبوت ناگزیر
سب سے بڑا دام فریب جس کے ذریعہ سے منکرین ختم نبوت ناواقفوں اور کم فہموں کو اسیر کرتے ہیں۔ اس کا خلاصہ یہ ہے کہ بدلے ہوئے حالات اور زمانہ کے تغیرات میں انبیاء کی بعثت ناگزیر ہے۔ تاکہ ان حالات کے لحاظ سے انسان کی ہدایت وتربیت کی جائے اور جو نئے مسائل پیدا ہو گئے ہوں۔ انہیں وحی ربانی کی روشنی میں حل کیا جائے۔ یہ مغالطہ صرف مسلم نما منافقوں ہی کی طرف سے نہیں پیش کیا جاتا بلکہ بہت سے مجاہد غیر مسلم بھی اس فریب میں مبتلا ہیں اور دوسروں کو مبتلا کرتے ہیں۔
کتاب کے باب اوّل ہی کے دیکھنے سے اس فریب کا پردہ چاک ہوجاتا ہے۔ بلکہ مقدمہ ہی سے اس مغالطہ کی غلطی ومہملیت واضح ہو جاتی ہے اعادے اور تکرار کی احتیاج نہیں۔ یہاں ہم صرف اتنی بات کا اضافہ کرنا چاہتے ہیں کہ اگر اس غلط اصول کو تسلیم کر لیا جائے تو یہ ماننا پڑے گا کہ کم ازکم زمانہ کے ہر عظیم تغیر وانقلاب کے بعد کسی نبی کی بعثت ضرور ہوئی ہوگی اور یہ ایسی چیز ہے جسے یہ منکرین ختم نبوت قیامت تک نہیں ثابت کر سکتے۔ ہم پوچھتے ہیں کہ بعثت خاتم النبیینﷺ کے صدیوں کے بعد دنیا میں صنعتی انقلاب پیدا ہوا جس نے بہت سے ذہنی وعملی امور کے اقدار میں تغیر عظیم پیدا کر دیا۔ کیا اس وقت کسی نبی کی بعثت ہوئی؟ اس کے بعد جمہوری انقلاب ہوا۔ کیا اس وقت کسی نبی مبعوث کا نام تم بتاسکتے ہو؟ انسان نے برق کو اسیر کیا اور دنیا کی نگاہ برقی انقلاب سے خیرہ ہوگئی۔ کیا اس وقت کوئی نیا پیغمبر آیا؟ اس برق غضب نے بہت سی انسانی عقلوں میں آگ لگا کر اشتراکی انقلاب کا شعلہ تیار کیا۔ اس وقت کون نبی آیا؟ آج ہم برق پر قابو پاکر ایٹمی دور میں داخل ہوچکے ہیں۔ ایسے تغیر عظیم کے باوجود کسی نئے نبی کا نشان نہیں ملتا۔ بلکہ مشاہدہ یہ ہے کہ ان سب ادوار میں قرآن حکیم جو سید المرسلینﷺ لے کر تشریف لائے تھے اور سنت جو خاتم النبیینﷺ کے اقوال وافعال کا مجموعہ ہے یہی دونوں دنیا میں پیش آنے