نماز کی قسمیں اور ان کے اثرات
نماز کی دو قسمیں
ایک نماز رسمی، سطحی اور دکھاوے کی ہوتی ہے، اس میں صرف مظاہرہ مقصود ہوتا ہے، وہ صرف خانہ پری اور (Routeen Work) ہوتی ہے، اور ایک وہ نماز ہے جو ایمانی، ربانی، قرآنی، للہی، نورانی اور حقیقی وروحانی ہوتی ہے، دونوں طرح کی نمازیں لوگ پڑھتے ہیں ، دونوں کی خصوصیات وتأثرات جدا جدا ہیں اور دونوں کا ذکر قرآن میں موجود ہے۔
رسمی اور سطحی نماز کا ذکر قرآنِ کریم اس طرح کرتا ہے:
اِنَّ الْمُنَافِقِیْنَ یُخَادِعُوْنَ اللّٰہَ وَہُوَ خَادِعُہُمْ، وَاِذَا قَامُوْا اِلیَ الصَّلاَۃِ قَامُوْا کُسَالیٰ، یُرَائُ وْنَ النَّاسَ وَلَا یَذْکُرُوْنَ اللّٰہَ اِلاَّ قَلِیْلاً۔ مُذَبْذَبِیْنَ بَیْنَ ذٰلِکَ، لَآ اِلیٰ ہٰؤُلَآئِ وَلَا اِلیٰ ہٰؤُلَآئِ، وَمَنْ یُضْلِلِ اللّٰہُ فَلَنْ تَجِدَ لَہٗ سَبِیْلاً۔ (النساء: ۱۴۲-۱۴۳)
ترجمہ: بلاشبہ منافق اللہ کے ساتھ دھوکہ بازی کررہے ہیں ؛ حالاں کہ اللہ ان ہی کی چالوں کو ان پر الٹ رہا ہے، جب یہ نماز کے لئے اٹھتے ہیں تو بہت کاہلی سے محض لوگوں کو دکھانے کی خاطر اٹھتے ہیں ، اور اللہ کی یاد کچھ یوں ہی سی کرتے ہیں ، وہ کفر وایمان کے درمیان ڈانواڈول ہیں ، نہ پورے اس طرف ہیں نہ پورے اُس طرف ہیں ، جسے اللہ نے بھٹکادیا ہو اس کے لئے تم کوئی راستہ نہ پاؤگے۔