بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم
پیشِ گفتار
الحمد للّٰہ رب العالمین، والصلاۃ والسلام علی سید المرسلین، وعلی اٰلہ واصحابہ اجمعین۔
زیر نظر کتاب نماز کے موضوع پر اپنے طرز کی جدید، منفرد اور اچھوتی پیش کش ہے۔ نماز کا موضوع ایسا ہے کہ جس پر اردو عربی اور سبھی زبانوں میں سیکڑوں کتابیں لکھی جاچکی ہیں ، اور ائمۂ اَکابر نے اس موضوع کے مختلف گوشوں پر بڑی تفصیل سے کام کیا ہے۔
میں عرصۂ دراز سے یہ غور کررہا تھا کہ نماز کے فوائد، اقسام، اثرات خصوصاً خشوع کی تفصیلات اور اسے پیدا کرنے کے اسباب ووسائل اور طریقوں پر ایک کتاب مرتب کردوں ؛ کیوں کہ نماز کے موضوع پر مرتب شدہ کتابوں میں عام طور پر یہ موضوعات نہیں ملتے۔ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے اب یہ کام پایۂ تکمیل کو پہنچ رہا ہے، کتاب میں ہر بات آیات واحادیث کی روشنی میں مدلل لکھی گئی ہے۔
اس کتاب کی ترتیب میں میں نے حضرت مولانا امین احسن اصلاحیؒ کی تفسیر ’’تدبر قرآن‘‘ اور علامہ سید سلیمان ندویؒ کی ’’سیرت النبی‘‘ سے کافی استفادہ کیا ہے، میں ان دونوں کتابوں کا حد سے زیادہ احسان مند ہوں ۔ مجھے امید ہے کہ انشاء اللہ یہ کتاب اپنے مندرجات کے تنوع اور جدت کے لحاظ سے قبول عام حاصل کرے گی اور اسلامی مکتبہ میں ایک عمدہ اور اچھوتا اضافہ ثابت ہوگی۔ وما ذٰلک علی اللّٰہ بعزیز۔
۱۴؍شعبان المعظم ۱۴۳۲ھ
۱۷؍جولائی ۲۰۱۱ء
محمد اسجد قاسمی ندوی
خادم الحدیث النبوی الشریف
جامعہ عربیہ امدادیہ مرادآباد
mvm