لیکن اپنے اصل مذہب سے انہیں دور رکھا نہ اس کی انہیں دعوت دی۔ نہ تعلیم بلکہ اس کی تعلیم کو ان کے لئے ممنوع قرار دیا۔
فلسفی عام طور پر اپنے آپ کو عوام سے بالاتر رکھنے کی کوشش کرتے تھے۔ اگر ان میں سے کسی نے دعوت بھی دی تو بہت محدود طبقہ کو۔ دعوت عام کا ان کے یہاں بھی پتہ نہیں چلتا۔
لیکن اس کے معنی یہ نہیں کہ دور قدیم باطل دعوتوں سے خالی تھا۔ ہم صرف ان کی اضافی فراوانی کی نفی کر رہے ہیں۔ ورنہ فی نفسہ اس دور میں بھی بکثرت باطل دعوتیں پائی گئیں۔ مثلاً مزدکیت کی دعوت یا مسخ شدہ اور محرف مسیحیت کی دعوت وغیرہ۔ دور جدید کی خصوصیت ان کی فراوانی ہے۔ ان کے ساتھ بیک وقت بکثرت دعوتوں کا وجود، مثال کے طور پر دیکھ لیجئے کہ اس زمانہ ہی میں دنیا میں کتنے ازموں کی دعوتیں موجود ہیں دعوتوں کی اس کثرت وفراوانی سے ذہنوں میں جو ایک الجھاؤ پیدا ہوتا ہے یہ دور دجالی کی ایک ممتاز خصوصیت ہے۔ دور قدیم میں یہ الجھاؤ مجموعی حیثیت سے پیدا ہی نہ ہوتا تھا اور اگر ہوتا بھی تھا تو اس قدر شدید نہ ہوتا تھا۔ اس کی ایک وجہ دعوتوں کی قلت تھی اور دوسری ذرائع رسل ورسائل اور اسباب حمل ونقل کی کمی۔ اس وقت حمل ونقل اور رسل ورسائل کے ذرائع کی فراوانی نے دنیا کو سمیٹ دیا ہے۔ مشرق کی دعوت چند لمحوں میں مغرب تک پہنچ جاتی ہے اور انسانی کے ذہن ودماغ میں الجھن کا باعث بن جاتی ہے۔ غور کیجئے کہ ذرائع کے اس ارتقاء کی ابتداء آنحضورﷺ کے زمانۂ مبارک کے کچھ ہی مدت کے بعد ہوگئی تھی۔ یہاں تک کہ آج یہ اس منزل پر ہے جہاں ہم اسے دیکھ رہے ہیں۔ اس لئے کثیر التعداد دعوتوں کا مقابلہ کوئی نئی مشکل اور الجھن نہیں ہے جو صرف آج ہی کی خصوصیت سمجھی جائے۔ بلکہ امت محمدیہ علیہ الف الف تحیہ تو شروع ہی سے اس مشکل کا کامیاب مقابلہ کر رہی ہے۔
اجتماعی نفسیات کے نقطۂ نظر سے ایسے وقت جب مختلف محاذوں پر ذہنی وفکری مقابلہ درپیش ہو تو کامیابی بلکہ تحفظ کے لئے بھی یہ امر ناگزیر ہے کہ مقابلہ کرنے والا اپنے دین کی جانب سے مطمئن ہو اور اسے اس میں کسی ترمیم وتنسیخ کا احتمال نہ ہو۔
ایک مسلمہ اصول جنگ ہے کہ سرحد پر وہی فوج دلیری اور حوصلہ کے ساتھ جنگ کر سکتی ہے جو اپنے مرکز کی طرف سے مطمئن ہو۔ جس شخص کو اس کا کھٹکا لگا ہو کہ وہ جن عقائد واعمال کی آج نصرت وحمایت کر رہا ہے اور جن کی طرف دعوت دے رہا ہے۔ ممکن ہے کہ کل اس میں کوئی تبدیلی ہو جائے۔ وہ ہرگز جم کر دجالی دعوتوں کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ دفاع سے زیادہ مشکل خود دعوت