بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
عرض ناشر
حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر خاتم النبیین محمد ﷺ تک جس قدر انبیاء ورسول دنیا میں تشریف لائے سب نے اپنے وقت کی طاغوتی طاقتوں سے ٹکر لی اور انہیں حق کا پیغام سنایا اور انہیں خدا کے سامنے جھکانے کی پوری کوشش کی۔ حتیٰ کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے نمرود کی خدائی کو ختم کیا اور حضرت موسیٰ علیہ السلام نے فرعون کو دریائے نیل میں غرق کیا اور آنحضرتﷺ نے کفار مکہ اور دیگر باغی طاغوتی حکومتوں کو خدا کے سامنے جھکنے کے لئے مجبور کیا۔ مگر انگریز نے قادیان میں ایک ایسی نبوت کو جنم دیا جس کا پیغام کفر وباطل کی اطاعت کروانا تھا۔
آئیے! میں آپ کو مرزائیوں کے جاپانی نبی مرزاقادیانی کی نبوت کی سیر کراتا ہوں۔ حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ نے ایک ہی شعر میں اس نبوت کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ فرماتے ہیں ؎
وہ نبوت ہے مسلماں کے لئے برگ حشیش
جس میں نہیں کچھ قوت و شوکت کا پیام
آئندہ صفحوں پر اس انگریزی نبوت پر مفصل روشنی ڈالی گئی ہے۔ میں صرف یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ اس دجال نے اپنی تمام مساعی صرف مسلمانوں سے انگریز کی اطاعت کروانے پر ہی مرکوز رکھیں۔ چنانچہ مرزاقادیانی نے خود اپنی کتابوں میں یہ تحریر کیا کہ میں نے مسلمانوں سے انگریز کی اطاعت اور فرمانبرداری کروانے کے لئے اس قدر کتابیں، رسالے اور اشتہار شائع کئے کہ اگر ان سب کو اکٹھا کیا جائے تو پچاس الماریاں بھر سکتی ہیں۔ انگریز کی چوکھٹ پر خود سجدہ کرنے اور مسلمانوں کو ان کی اطاعت پر رضا مند کرنے کے لئے اسے بہت سے پاپڑ بیلنے پڑے۔ یہاں تک کہ جہاد جیسے سب سے بڑے اور مقدم اسلامی فریضہ کو بھی حرام قرار دینا پڑا۔ چنانچہ کہا کہ دین کے لئے حرام ہے۔ اب جنگ اور قتال اور پھر کہا کہ اسلام میں جو جہاد کا مسئلہ ہے۔ اس سے بڑھ کر اسلام کو بدنام کرنے والا کوئی مسئلہ نہیں۔ یعنی مرزاغلام احمد قادیانی اور اس کی امت کے نزدیک اسلام میں بہت سے مسئلے ایسے ہیں جو اسلام کو بدنام کرنے والے ہیں اور ان میں سے سب سے زیادہ اسلام کو بدنام کرنے والا مسئلہ جہاد کا ہے۔