بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
تمہید
سب سے پہلے میں اس وحدہ لا شریک خداوند تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں جس نے ۲۲سال تک مرزائیت جیسی گمراہ کن اور اسلام دشمن تحریک کی تبلیغ کرنے کے بعد سچے دل سے توبہ کرنے کی توفیق بخشی۔ گویا کہ میں معصیت اور کفر کے سمندر کی لہروں میں تھپیڑے کھا رہا تھا۔ جب کہ اس کے دست رحمت نے میرا ہاتھ پکڑ کر کنارے پر لاکھڑا کیا۔
پھرمیں اس پاک وجود رحمتہ للعالمین کی ذات والاصفات پر لاکھوں درود اور سلام بھیجتا ہوں جو کہ تمام دنیا مافیہا بلکہ تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر آئے اور جن کی ذات بابرکات کے طفیل تمام جہان آباد کئے گئے۔ نہ صرف یہ کہ تمام انبیاء کرام کے سردار ہیں بلکہ خداوند تعالیٰ کے سب سے زیادہ مقبول اور محبوب ہیں۔ جن کا دیا ہوا ضابطۂ حیات قیامت تک کے لئے کافی ہے۔ بلکہ اس کے بعد بھی جن وانس کی نجات کا موجب ہوگا اور ان کے نام کا ہلالی جھنڈا قیامت تک لہراتا رہے گا۔ جن کے بعد کسی نئے نبی، رسول اور پیغمبر کے پیدا ہونے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ جن کی پاک زندگی کا ایک ایک لمحہ ہر ایک ذی شعور انسان کے لئے درس ہدایت ہے۔
الحمدﷲ کہ میں نے مرزاغلام احمد قادیانی کی جھوٹی نبوت کو خیرباد کہہ کر شفیع المذنبین، راحت العاشقین، رحمتہ للعالمین، خاتم النبیین محمد رسول اﷲﷺ کے پاک دامن کو پھر سے تھام لیا ہے۔
اے میرے پیارے رحیم وکریم خدا۔ تو مجھ پر رحمت اور احسان کی بارش فرما جو میں نے تائید مرزائیت میں پاکستان، ہندوستان اور سمندر کے پار ملایا اور سنگاپور میں جوش وخروش کے ساتھ جاری کر رکھیں تھیں اور بیسیوں خاندانوں کو گمراہ کر کے آغوش مرزائیت میں پہنچا دیا تھا۔
اب میں تیرے دربار میں کھڑا ہوکر سچے دل سے توبہ کر چکا ہوں اور متواتر، پانچ سال سے تیرے سچے دین اسلام اور مذہب اہل سنت کی تبلیغ کر رہا ہوں۔ تو میرے گذشتہ گناہوں کو معاف فرما اور میری موجودہ حقیر کوششوں کو مقبول اور منظور فرما۔ جو تیرے دین کی اشاعت اور تبلیغ کے لئے کر رہا ہوں۔
آمین یا رب العالمین!