ملفوظات حکیم الامت جلد 10 - یونیکوڈ |
(ملفوظ 168) جملہ تکلیف گھنٹے کی تدبیر ایک صاحب نے ایک خانگی معاملہ کے متعلق عرض کیا کہ اس سے حضرت کو تکلیف ہوئی ہوگی ۔ حضرت والا نے فرمایا نہیں صاحب مجھ کو کچھ تکلیف نہیں ہوئی ۔ اللہ تعالٰی کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے مجھ کو ایک ایسی چیز دی ہے کہ اس کے سبب سے مجھ کو کسی ایسی بات سے تکلیف نہیں ہوتی جہاں یہ سوچا کہ اس میں ثواب ہوگا بس ساری تکلیف گھل جاتی ہے پھر کچھ تکلیف نہیں رہتی ۔ (ملفوظ 169) مفضی الی المرض سے بھی بچنا چاہئے فرمایا ایک صاحب نے لکھا ہے کہ میرے اندر یہ عادت ہے کہ اگر کوئی اچھی چیز کسی کے پاس دیکھتا ہوں تو یہ تمنا ہوتی ہے کہ یہ چیز میرے پاس آجائے اگر یہ مرض ہو تو اس کا علاج فرمایا جاوے ۔ میں نے لکھا ہے کہ یہ مرض تو نہیں مگر مفضی الی المرض ہونے کا اندیشہ ہے (یا حضرت والا نے فرمایا کہ مفضی الی المرض ہے ) لہذا اس کے علاج کی ضرورت ہے اور علاج یہ ہے کہ جب کسی کی چیزکو دیکھا کرو تو یہ خیال کر لیا کرو اگر یہ میرے پاس آگئی تو میں فورا اس کو یا کسی دوسرے شخص کو ہبہ کردوں گا اپنے پاس نہ رکھوں گا اور اگر وہ چیز ضرورت کی ہوگی تو میں اس کے دام مساکین کو خیرات کردوں گا اور یہ عزم کرلو کہ جب تک ایسی تمنا رہے گی اس وقت تک یہی علاج کرتا رہوں گا ۔ (ملفوظ 170) کافر کے اخلاق کی تعریف کب جائز ہے فرمایا بعض مفسرین نے ذلک بانھم قسیسین الخ سے استنباط کیا ہے کافر کے اگر اخلاق اچھے ہوں تو اخلاق کی حیثیت سے اس کی مدح جائز ہے ۔