قل ان کنتم تحبون اللّٰہ فاتبعونی یحببکم اللّٰہ ویغفرلکم ذنوبکم، واللّٰہ غفور رحیم۔ قل اطیعوا اللّٰہ والرسول۔ (اٰل عمران: ۳۱-۳۲)
ترجمہ: اے نبی! آپ فرمادیجئے کہ اگر تم حقیقت میں اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری پیروی اختیار کرو، اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہاری خطاؤں سے درگذر فرمائے گا، اللہ بڑا معاف کرنے والا اور رحیم ہے۔ آپ فرمادیجئے کہ اللہ ورسول کی اطاعت قبول کرو۔
یایہا الذین اٰمنوا اطیعوا اللّٰہ والرسول۔ (النساء: ۵۹)
ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ اور رسول کی اطاعت کرو۔
من یطع الرسول فقد اطاع اللّٰہ، ومن تولی فما ارسلناک علیہم حفیظاً۔ (النساء: ۸۰)
ترجمہ: جس نے رسول کی اطاعت کی اس نے دراصل خدا کی اطاعت کی، اور جو منہ موڑگیا تو بہرحال ہم نے آپ کو ان لوگوں پر پاسبان بناکر تو نہیں بھیجا ہے۔
جگہ جگہ اطاعت خدا ورسول کو فوز وفلاح قرار دیا گیا ہے، اور اسے رحمت الٰہی اور فیضانِ خداوندی کا ذریعہ بتایا گیا ہے، خود جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں جائے گا اور نافرمان جہنم میں جائے گا، اور میری لائی ہوئی تعلیمات کے تابع جب تک خواہش نفس نہ ہوگی ایمان مکمل نہ ہوگا۔
(۱۶) جہاد میرا خلق ہے
حق کی سربلندی، اس کی اشاعت وحفاظت کے لئے ہر قسم کی کوشش اور سعی جہاد ہے، قرآنِ کریم میں جہاد بالنفس اور جہاد بالمال دونوں کا ذکر جابجا آیا ہے۔ حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ لڑائی اور قتال جہاد اصغر ہے اور نفس کی خواہشات کو دبانا اور کچلنا جہاد اکبر ہے، جہاد کی سب