مسافر خانہ کی مسجد میں فلاں وقت حج کے متعلق روزانہ کچھ عرض کیا جاتا رہے گا آپ ضرور تشریف لائیں۔ یہ تیاری ہر تیاری پر مقدم ہے ہمارے امیر صاحب نے اور دو ایک اور عالموں نے صبح اور عشاء کے بعد کچھ بیان کرنا بھی شروع کیا‘ اور معلوم ہوا کہ حجاج میں احساس وتوجہ کی ایک لہر پیدا ہوئی اور بہت سے لوگ گویا سوتے سوتے چونک پڑے۔ ’’الفرقان‘‘ میں کام کا جو نقشہ دیا گیا ہے ۱؎ اس کے مطابق تعلیم و تبلیغ کا سلسلہ شروع کیا گیا‘ اور الحمد للہ بہت موثر و مفید ثابت ہوا۔ لیجئے جہاز کی روانگی کا دن آپہنچا‘ آج بڑے ہنگامے کا دن ہے‘ میدان حشر کا ایک نمونہ ہے۔ نفسا نفسی کا عالم ہے‘ ہر ایک کو اس کی فکر ہے کہ اس کو اچھی سے اچھی جگہ مل جائے اور سامان محفوظ رہے۔ قانونی مراحل سب طے ہوئے سامان جہاز پر پہنچا‘ اب سوائے اللہ پر بھروسہ کے کوئی چارہ نہیں‘ جہاز پر داخلہ شروع ہو گیا اللہ کا ہزار ہزار شکر ہے کہ اس نے یہ دن دکھایا‘ خدا وہ دن بھی دکھائے کہ سرزمین مقدس پر اترنا ہو‘ سفر عشق میں سامان راحت کا کیا سوال‘ پھر بھی اللہ کے احسان کے صدقے کہ ہم ضعیفوں کو امتحان میں نہیں ڈالا اور راحت وعافیت کی جگہ عطا فرمائی‘ لیجئے وہ سیٹی ہوئی‘ وہ لنگراٹھا‘ وہ ہاتھ سلام کے لیے اٹھے‘ وہ رومال وداع کے لیے ہلے‘ ان سب کو سب نے دیکھا مگر بہتے ہوئے آنسوئوں کو کس نے دیکھا اور گلوگیر آواز کو کس نے سنا‘ جانے والو! حج وزیارت تم کو مبارک ہو‘ مومن کی معراج تم کو مبارک ہو‘ مہجوروں کو نہ بھولنا۔
۱؎ جس سال مضمون لکھا گیا تھا اسی سال ایک دو مہینے پہلے حجاج میں تعلیمی وتبلیغی کام کا ایک نقشہ اور پروگرام ماہنامہ الفرقان میں لکھا گیا تھا اس کی طرف اشارہ ہے۔
ع ’’ہمیں بھی یاد رکھناذکر جب دربار میں آئے‘‘
جہاز روانہ ہوا سامان قاعدے سے لگایا نئی جگہ کا جائزہ لیا اب بڑی فکر اس کی ہے کہ نمازوں کا انتظام کیا ہوگا۔ یہ بارہ چودہ دن جن سے زیادہ فرصت کے اوقات برسوں میں نہ نصیب ہوئے ہوں گے کس طرح گزریں گے‘ تیاری کی ایک مہلت اور عمر بھر کی غفلتوں کی تلافی کا ایک موقع ملا ہے شامت اعمال سے یہ بھی کہیں ضائع نہ ہو جائے‘ مشورہ کیا‘ چل پھر کر دیکھا‘ معلوم ہوا کہ جہاز کی بالائی منزل پر نماز کے لیے ایک وسیع جگہ ہے‘ سمت قبلہ بتلانے کے لیے (جو جہاز پر ایک مشکل مسئلہ ہے) جہاز کی طرف سے انتظام ہے‘ چنانچہ لائوڈاسپیکر پر اعلان کیا گیا کہ اذانیں انشاء اللہ وقت پر ہوں گی حاجی صاحبان نماز کے لیے اذان کا انتظار کریں ورنہ اسکا خطرہ ہے کہ بے وقت نماز پڑھ لی جائے بالائی منزل پر نماز باجماعت ہوگی‘ قبلہ بتلانے کے لیے جہاز کی طرف سے انتظام ہوگا‘ بغیر تحقیق کے نماز نہ پڑھی جائے‘ الحمدللہ جماعت شروع ہو گئی‘ امام ومؤذن کا تعین ہوگیا۔
خیال ہوا کہ لائوڈ اسپیکر سے فائدہ اٹھایا جائے اور حجاج کو ان کی قیام گاہوں پر مفید اور ضرو ی باتیں پہنچائی جائیں۔ چنانچہ ایسے اوقات میں جو کھانے اور ناشتہ اور سونے سے فراغت کے ہیں تقاریر کا انتظام کیا گیا کوشش یہ کی گئی کہ دین کے عام احساس اور حج کی عظمت اور اس کے لئے تیاری کا خصوصی خیال پیدا کرنے والی اور دینی جذبات اور احساس ذمہ داری کو بیدار کرنے والی تقریریں کی جائیں۔ چنانچہ