قریب ہی بطور نشانی کے ایک چھوٹا سامینارہ بھی بنا ہوا ہے اور ایک لکھی ہوئی تختی بھی لگی ہوئی ہے۔ جب یہ مقام آئے تو شوق ومحبت اور خوف وادب کی کیفیت کو پوری طرح اپنے پر طاری کیا جائے اور اللہ سے دعا کی جائے کہ ’’اے اللہ یہ تیرا اور تیرے رسول کا حرم ہے‘ اس میں جانوروں کو بھی امن ہے‘ تو اس کی برکت اور حرمت سے میرے گوشت پوست اور سارے جسم پر دوزخ کی آگ حرام کردے اور قیامت کے عذاب سے مجھے امن نصیب فرما‘‘ اور اگر معنی مطلب کے ساتھ آپ کو یاد ہو تو اچھا ہے کہ پھر یہ دعا ان عربی الفاظ میں کریں
((اَللّٰھُمَّ اِنَّ ھٰذَا حَرَمُکَ وَحَرَمُ رَسُوْلِکَ فَحَرِّمْ لَحْمِیْ وَدَمِیْ وَعَظَمِیْ وَبَشَرِیْ عَلَی النَّارِ اَللّٰھُمَّ اٰمِنِّیْ عَذَابِکَ یَوْمَ تُبْعَثُ عِبَادَکَ))
مکہ معظمہ میں داخلہ
تھوڑی دیر کے بعد آپ کو مکہ معظمہ کی عمارتیں نظر آنے لگیں گی۔ اس وقت پھر اپنے اندر خشیت و ادب کی کیفیت پوری طرح پیدا کر کے اللہ سے دعا کیجئے ’’اے اللہ! مجھے اپنے اس پاک اور مبارک شہر میں سکون واطمینان سے رہنا نصیب فرما اور یہاں کے حقوق اور آداب پورے کرنے کی توفیق دے اور حلال رزق عطا فرما‘‘ پھر جب آپ کی موٹر اللہ کے مقدس شہر میں داخل ہونے لگے تو پھر دل حاضر کرکے دعا کیجئے ’’ اے اللہ! میں تیرا بندہ ہوں‘ تیرا فرض ادا کرنے اور تیری رضا اور رحمت کا طالب بن کر آیا ہوں‘ تو میرے لیے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے اور قیامت کے دن کی معافی اور بخشش میرے لیے مقدر فرمادے اور میرا حج صحیح طور سے ادا کر ادے۔‘‘
مسجد حرام کی حاضری اور طواف
موٹر آپ کو معلم کے مکان پر پہنچادے گی‘ بہتر یہ ہے کہ آپ سامان اتار کے اور اگر وضونہ ہو تو وضو کر کے اسی وقت مسجد حرام جائیں‘ مسجد حرام کے بہت سے دروازے ہیں۔ ’’ باب السلام‘‘ سے داخل ہونا بہتر ہے‘ داخلے کے وقت ’’بِسْمِ اللّٰہِ وَالصَّلٰوۃُ والسَّلامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ کہہ کے داہنا پائوں اندر رکھئے اور یہ دعا پڑھئے:
((اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ))
پھر جب بیت اللہ شریف پر نظر پڑے تو اَللّٰہُ اَکْبَرْ لَا اِلٰہَ اِلاَّ للّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرْ کہہ کے اور ہاتھ اٹھا کے خوب دل سے دعا کیجئے :
((اَللّٰھُمَّ زِدْ بَیْتِکَ ھٰذَا تَشْرِیْفًا وَّتَعْظِیْمًا وَّتَکْرِیْمًا وَّمَھَابَۃً وَزِدْ مَنْ شَرَّفَہٗ وَکَرَّمَہٗ مِمَّنْ حَجَّہٗ اَوِاعْتَمَرَہٗ تَشْرِیْفًا وَّتَکْرِیْمًا وَّبِرًّا اَللّٰھُمَّ اَنْتَ السَّلَامُ وَمِنْکَ السَّلَامُ فَحَیِّنَا رَبَّنَا بِا لسَّلَامِ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْـبَیْتِ مِنَ الدَّیْنِ وَالْفَقْرِ وَمِنْ ضَیْقِ الصَّدْْرِ وَعَذَابِ الْقبْرِ))
’’اے اللہ اپنے اس مقدس گھر کی عزت وعظمت‘ شرافت وہیبت میں ترقی فرما اور حج وعمرہ کرنے والوں میں جو اس کی تعظیم وتکریم کریں ان کو بھی شرف وعظمت اور نیکی عطا فرما۔ اے اللہ تیرا ہی نام سلام ہے‘ اور سلامتی تیری ہی طرف سے ہے‘ تو ہم پر سلامتی بھیج‘ میں اس مقدس گھر کے رب سے پناہ مانگتا ہوں قرضہ سے اور محتاجی سے اور سینہ کی تنگی سے اور قبر کے عذاب سے۔‘‘