ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
کیا تکلیف دینا بد اخلاقی نہیں : (23) فرمایا - لوگ مجھ کو تکلیف دیتے ہیں اور میں اپنی تکلیف کو ظاہر کرتا ہوں تو مجھ کو کہتے ہیں کہ بد اخلاق ہے - کیا تکلیف دینا تو بد اخلاقی نہیں ـ مگر اس کا اظہار بد اخلاقی ہے یہ تو ایسا ہوا کہ کوئی کسی کو سوئی چبھو دے اور وہ چلائے تو کہنے لگے کہ بد خلقی سے کیوں چلاتا ہے ـ لوگوں کی بد عنوانیوں کی شکایت : (24) فرمایا ـ مجھ کو جو لوگوں کی بے عنوانیوں پر بعض اوقات زیادہ تغیر ہو جاتا ہے - وجہ اس کی یہ ہے کہ میری نظر منشاء پر ہوتی ہے اور وہ شدید ہوتا ہے - اس لئے زیادہ تکلیف ہوتی ہے - مثلا کہتے ہیں تعویذ دے دو - مگر یہ نہیں کہتے کہ کس بات کا - حاکم یا حکیم کے پاس جائیں گے تو پوری بات کہیں گے - ضابطہ کے الفاظ لکھوائیں گے تو منشاء اس تفاوت کا یہ ہے کہ وہاں مطلوب کی قدر ہے - یہاں مطلوب کی قدر نہیں - گو تعویذ بھی دینا ہے - مگر اس میں کچھ دین کا شائبہ ہے اور دین کی قدر ہے نہیں - اس لئے یہاں اہتمام نہیں کیا جاتا باقی مشائخ جو علاج نہیں کرتے - تو اس لئے کہ کون جھک جھک کرے اور کہیں یہ بھی وجہ ہوتی ہے کہ معتقدین کم نہ ہو جائیں اور یہ سب سے بڑھ کر غضب ہے - مبہم بات کرنے کا مرض عام : (25) ایک شخص نے کہا تعویذ دے دو - فرمایا میں نہیں سمجھا پھر اس نے بلند آواز سے کہا تعویذ دے دو - فرمایا میں اب بھی نہیں سمجھا پھر اس نے کہا بخار کے لئے ایک تعویذ دے دو ـ فرمایا پہلے ہی اس طرح کیوں نہیں کہا تھا ( یہ قصہ ہو ہی رہا تھا کہ دوسرے نے کہا تعویذ دے دو ) فرمایا دیکھو ابھی یہی بات ہو