ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
تصویر رکھنا حرام ہے : (326) فرمایا - نیاز ! سنتے ہیں کہ فلاں عورت نے گڑیاں بنا رکھی ہیں کہ جی گھبراتا ہے تو ان سے کھیل لیتی ہوں ـ کیا ہوا اس بڈھی عورت کو ؟ ایسے ہی جی بہلانا تھا تو طوطا پال لیتی اس سے جی بہلتا یہ تصویر حرام کیوں رکھی کچھ نہیں معلوم ہوتا ہے اس کا دماغ چل گیا ہے ـ وبا کے دنوں میں اصلاح اعمال کی ضرورت : (327) فرمایا ـ لوگ وباء کے دنوں میں دروازوں میں دعا لکھ کر چپکاتے ہیں جائز تو ہے مگر اس سے کیا نفع جب وبا گھر کے اندر گھسی ہوئی ہے تو باہر چپکانے سے کیا ہو گا ـ گناہ تو اندر کر رہے ہو جو سبب سے وباء کا اور دعا باہر چسپاں کر رہے ہو ـ گو چسپاں کرنا گناہ تو نہیں مگر اصل چیز تو اعمال کی اصلاح ہے اسی کو مولانا فرماتے ہیں دربہ بست و دشمن اندر خانہ بود حیلہ فرعون زیں افسانہ بود (1) کہیں بکرا بستی کے گرد گھما کر ذبح کیا جاتا ہے ـ کہیں چوب پر کوئی دعا پڑھ کر ڈھول پیٹا جاتا ہے شرع محمدی نامی ایک کتاب ہے اس میں اس قسم کے منتر بہت لکھے ہیں ـ اگر نجدی ایسے لوگوں کو مشرک کہیں تو کیا عجب ہے کوئی یہ شعر لکھتا ہے ـ 1 ـ دروازہ اندر سے بند کر لیا کہ کہیں دشمن نہ آ جائے مگر دشمن کو اندر رکھ لیا اس سے فرعون کا حیلہ وسوسہ افسانہ تھا ـ