ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
ضرورت تقوی فی المال : (20) فرمایا - آج کل تقوی صرف نفل پڑھ لینے اور پائجامہ اونچا کر لینے اور داڑھی رکھا لینے میں رہ گیا ہے خلاصہ یہ کہ کچھ نفلیں اور کچھ نقلیں کر لینا کافی سمجھا جاتا ہے - تقوی فی المال کی کچھ پرواہ نہیں ہے کہ حلال ہے یا حرام گویا حرام صرف دال اور خشک روٹی ہے باقی چرب چیزیں سب حلال ہیں ( ہنس کر فرمایا ) اتنے لوگوں نے حرام کو حلال کیا اور تیز چھری سے حلال کیا مگر پھر بھی حرام ہی رہا - دوست کو تنبیہ کی ضرورت : (21) ایک لفافہ دکھلا کر) فرمایا ـ لوگ بہت دق کرتے ہیں خالی لفافہ رکھ دیتے ہیں ـ بھلا جو کام تم خود کر سکتے ہو ہم سے کیوں لیتے ہو - بعض دفعہ تو میں جواب بھی نہیں لکھتا بلکہ صرف یہ لکھ دیتا ہوں کہ صاحب پہلے اس کی وجہ تحریر فرمائیں کہ لفافہ پر پتہ کیوں نہیں لکھا اس صورت میں دو آنے تو اس کو دینے پڑتے ہیں مگر اس کو سبق تو ملجاتا ہے اور صبر دشمن کے مقابلہ میں کرنا چاہیے - دوست کو ڈانٹنا چاہیے تاکہ اس کو اپنی حرکت کا علم ہو جاوے اور اس سے فائدہ ہو - دھوکہ باز : (22) ایک شخص نے وضو کے لئے بدھنا ( لوٹا) بھر کر دیا وہ ٹپک رہا تھا فرمایا اس کو باہر پھینکو یہ دھوکے باز ہے دھوکے باز آدمی کو بھی خانقاہ میں نہیں رہنا چاہیے ـ