ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
تشریف لائیے گا ـ فرمایا آنے جانے میں کیا رکھا ہے یہ تو اصول کی بات ہے کہ مریض حکیم کے پاس جائے یا حکیم مریض کے پاس جائے ـ پھر کہاں کہاں جاؤں ـ اجی صاحب محبت ہو تو خط و کتابت سے بھی تعلیم ہوتی ہے آنے جانے سے کیا ہوتا ہے ـ بعض مخالفین کے بچے خوش عقیدہ ہیں : ( 310) فرمایا ـ یہاں وطن میں بعض لوگوں سے سخت رنجش ہے مگر ان کے بچے بڑے خوش عقیدہ ہیں ـ بعض دفعہ ان کے بزرگ مجھ کو کچھ کہتے ہیں تو یہ ان کو جواب دیتے ہیں کہ آپ بھی ہمارے بزرگ ہیں وہ بھی ہمارے بزرگ ہیں ہم ایسی باتیں نہیں سننا چاہتے ـ ایک پادری کو مسلمان کرنے کا واقعہ : (311) فرمایا ـ کانپور میں ایک پادری میرے پاس آیا کہ مجھ کو اسلام میں داخل کر لو مگر تھوڑی مالی امداد چاہتا ہوں اگر دو سو روپیہ کا بھی بندوبست ہو جائے تو کوئی تجارت کر لوں تاکہ بھیک نہ مانگنی پڑے میں نے جواب دیا کہ بھائی اگر اسلام کو حق سمجھتے ہو تو اس شرط کی گنجائش نہیں اور اگر حق ہی نہیں سمجھتے تو ایسا السلام جو روپیہ کے لئے ہو بیکار ہے ـ بعض لوگوں کو یہ جواب پسند نہیں آیا کہ ایک نو گرفتار کو وحشت دلاتا ہے ـ مگر میں حقیقت سمجھ کر اس پر جما رہا پھر میرا جواب سن کر اس نے کہا ـ میں نے یوں ہی کہدیا تھا وہ امداد اسلام کی شرط نہیں اب تو مسلمان ہی ہوں گا ـ تب کلمہ پڑھا دیا اور کچھ امداد بھی کر دی اسی طرح ان ہی دنوں میں ایک ہمدو نے بھی کہا تھا اس کو بھی یہی جواب دیا مگر وہ پھر نہیں آیا ـ