تقریظ
استاذ الحدیث، مدیر ماہنامہ الفارو ق ،وناظمِ اعلیٰ جامعہ فاروقیہ،
حضرت مولانا عبید اللہ خالد صاحب دامت برکاتہم العالیہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحَمدُ لِوَلِیّہ والصَّلاۃُ والسَّلامُ علی نبیِّہ ﷺ
اما بعد! زیرِ نظر رسالہ در حقیقت اس مضمون کی نئی شکل ہے، جو جامعہ فاروقیہ کراچی سے جاری ہونے والے ماہنامہ الفاروق میں چار قسطوں میں شائع ہوا، موضوع کی افادیت اور مسائلِ مذکورہ کے بکثرت پیش آنے کی وجہ سے مناسب سمجھا گیا کہ اسے یک جا بھی شائع کر دیا جائے۔ چناں چہ ! رسالہ مذکورہ آپ کے ہاتھوں میں ہے، ماہنامہ الفاروق میں ان مضامین کی اشاعت کے موقع پر احقر نے ان مضامین کو تفصیل سے دیکھا تھا۔
ماشاء اللہ مؤلف و مرتب مفتی محمد راشد ڈَسکوی سلمہ اللہ تعالیٰ نے بہت محنت سے متعلقہ موضوع پر طوالت سے بچتے ہوئے نہ صرف مفید مواد جمع کیا ہے، بلکہ طلباء و علماء کی آسانی کی خاطر ہر ہر مسئلہ کی امّہاتُ الکتب سے دلیل بھی ذکر کر دی ہے،مزید برآں زیر نظر رسالہ میں کچھ اہم مسائل مثلاً: ’’نومولود کے پیشاب کی طہارت‘‘ اور ’’بچوں کو ملنے والے تحفہ تحائف و ہدایا کے شرعی احکام ‘‘ کا اضافہ بھی کر دیا ہے۔
مفتی محمد راشد ڈَسکوی سلمہ اللہ مدرسہ عربیہ رائے ونڈ کے فاضل اور جامعہ فاروقیہ، کراچی کے متخصص ہیں ، محنتی، ذی استعداد اور تحقیقی کاموں میں مصروف رہنے کاشوق رکھتے ہیں ، اللہ رب العزت ان کی اس محنت کو قبول فرماتے ہوئے زورِ قلم میں اضافہ فرمائے اور اِس مبارک کوشش کو موصوف کے لیے صدقہ جاریہ اور امت مسلمہ کے لیے نافع بنائے ،آمین
عبید اللہ خالد
۲۷ ؍ صفر ؍ ۱۴۳۴ھ ۔10 ؍ جنوری2014ء