ملفوظات حکیم الامت جلد 21 - یونیکوڈ |
|
صفحہ نمبر 135 کی عبارت ریاضت و مجاہدہ کا فرق تہذیب ۔ ایک درجہ تو ہے تقاضائے معصیت کا ۔ اس کی مخالفت کرنا تو مجاہدہ ہے اور ایک اس تقاضا کا منشاء ہے خلق رذیل ۔ اس کے ازالہ بمعنی اضمحلال کو ریاضت کہتے ہیں ۔ تجدید معالجہ کی ضرورت تہذیب ۔ مادہ کا استیصال جب تک نہ ہو تجدید معالجہ کی ضرورت رہے گی اور استیصال کی تدبیر نہیں موسمی بخار کا نسخہ پینے کے بعد کیا پھر آئندہ فصل میں بخار نہ ہو گا وہ کون سی تدبیر ہے کہ صفراء ہی پیدا نہ ہو ۔ اور اگر ایسا کیا جائے گا تو بہت منافع جو خلط صفراء سے متعلق ہیں وہ فوت ہو جائیں گے اسی طرح مادہ شہوانی میں بہت منافع ہیں ۔ تمام اخلاق رذیلہ کا علاج تہذیب ۔ تمام اخلاق رذیلہ کا علاج تامل اور تحمل ہے یعنی جو کام کرے سوچ کر کرے شرعا جائز ہے یا نہیں اور جلدی نہ کرے بلکہ تحمل سے کیا کرے ۔اصلاح اعمال و باطن کا طریقہ تہذیب ۔ اعمال کی اصلاح اور باطن کی اصلاح کا طریقہ یہ ہے کہ نفس کے جذبات کی مخالفت کی جائے ۔ اور اس کو مشقت کا عادی بنایا جائے ۔ مقامات سلوک کی تعریف تہذیب ۔ مقامات سلوک سے مراد اعمال باطنیہ ہیں یعنی خوف و رجاء محبت و انس ۔ توکل و رضا ۔ شکر و صبر وغیرہ جن کی تحصیل کا شریعت نے امر کیا ہے اور ہر مسلمان خصوصا سالک ہمیشہ ان کے طے کرنے میں مشغول ہے ۔ کسی وقت توقف نہیں ہوتا ۔ یہ دنیا کا سفر نہیں کہ ایک حد پر ختم ہو جائے بلکہ اس سفر کی کہیں انتہا نہیں ۔ کمال یہ ہے کہ سب ملکات کامل ہوں تہذیب ۔ بعض ملکات کے کامل ہونے کا نام کمال نہیں بلکہ کمال یہ ہے کہ سب ملکات کامل ہوں ۔