ملفوظات حکیم الامت جلد 21 - یونیکوڈ |
|
صفحہ نمبر 13 کی عبارت الگ حیثیت رکھتا ہے ۔ تا ہم اس سے ملتی جلتی کیفیت کے نمونے امت میں پائے گئے ہیں ۔ اسی طرح کا ایک نمونہ حضرت مولانا محمد یحی صاحب اور ان کے شیخ علیہ الرحمۃ کا بھی ہے ۔ جس شخض میں ظاہری طور پر بھی ایسی مشابہت ہو جائے اس کے بارے میں یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ یہ اپنے شیخ کے مزاج و مذاق اور ان کے علوج و فیوض کو جذب کئے ہوئے اور پوری طرح ہضم کئے ہوئے ہیں ۔ انفاس عیسی ۔ بہر حال حضرت مولانا محمد عیسی صاحبؒ نے حضرت تھانویؒ کی صحبت اور خدمت میں رہنے کے دوران حضرت والا سے جو باتیں سنیں اور جو تعلیمات حاصل کیں ۔ ان کا خلاصہ ہمارے لئے اس کتاب ۔ انفاس عیسی ۔ میں جمع کر دیا ہے ۔ یہ کتاب حضرتؒ کے دیگر عام ملفوظات کے مجموعوں کی طرح ملفوظات کی کتاب نہیں ہے ۔ چنانچہ عام ملفوظات اور مجالس کی کتابوں میں یہ نظر آئے گا کہ حضرت والا نے کسی موضوع سے متعلق ایک بات ارشاد فرمائی ۔ پھر تھوڑی دیر کے بعد دوسرے کسی اور موضوع سے متعلق دوسری بات ارشاد فرمائی ۔ اور پھر تیسری بات تیسرے موضوع سے متعلق ارشاد فرمائی ۔ اور ان باتوں کو لوگوں نے جمع کرنا شروع کر دیا ۔ لیکن اس کتاب میں حضرت مولانا محمد عیسی صاحبؒ نے ایسا نہیں کیا ۔ بلکہ حضرت تھانویؒ کی صحبت میں رہنے کے دوران تصوف اور طریقت سے متعلق جو کچھ سنا اور جو تعلیم حاصل کی ۔ پہلے اس کو ہضم کیا ۔ پھر اس کی تلخیص اس طرح لکھی کہ اس میں اکثر الفاظ بھی حضرت والا ہی کے ہیں ۔ اس طرح ان تعلیمات کا نچوڑ اور خلاصہ ہمارے لئے اس کتاب کے اندر جمع کر دیا ۔ ہے ۔ لہذا یہ کتاب ۔ انفاس عیسی ۔ ہمارے لئے بڑٰی عجیب و غریب نعمت ہے ۔