ملفوظات حکیم الامت جلد 21 - یونیکوڈ |
|
صفحہ نمبر 128 کی عبارت سالک کے حالات مختلفہ تحقیق ۔ سالک کے حالات مختلف ہوتے ہیں کسی وقت کلام لفظی کی تجلی کا غلبہ ہوتا ہے ۔ تو زیادہ تر الفاظ قرآن اور اس کی فصاحت اور بلاغت سے ہوتا ہے اور کسی وقت کلام نفسی کی تجلی کا غلبہ ہوتا ہے تو معانی سے تاثر محسوس ہوتا ہے ۔ یہ سب محمود و سائط تربیت ہیں ۔ ثمرہ کا قصد نہ چاہئے ۔ تحقیق ۔ ثمرہ چونکہ غیر اختیاری ہے اس لئے کبھی اس کا قصد ہی نہ کرے ۔ بلکہ کام کئے جائے ۔ البتہ ثمرہ کے حصول کے واسطے دعا کرے ۔ دعا کی ضرورت اس واسطے ہے کہ ثمرہ کی بھی حاجت ہے اور حاجت کے لئے دعا موضوع ہے ۔ خطا و نسیان پر دنیوی مواخذہ ممکن ہے تحقیق ۔ خطاء و نسیان فی نفسہ تو قابل مواخذہ ہیں ۔ کیونکہ گو وہ اختیار عبد سے باہر معلوم ہوتے ہیں مگر در حقیقت ان کے مقدمات اختیاری ہیں یعنی کہ اگر یہ شخص توجہ تام کرتا تو پھر اس خطا و نسیان کا صدور نہ ہوتا ۔ اسی لئے خطا و نسیان پر گو مواخذہ اخروی نہ ہو ۔ لیکن دنیوی مواخذہ ممکن ہے ۔ اگر سعی پر بھی کامیابی نہ ہو تو قلق نہ کرنا چاہئے تحقیق ۔ اگر سعی پر بھی کامیابی نہ ہو تو پھر اس قلق میں نہ پڑٰے کہ ہائے کیا ہوا ؟ اور آئندہ کیسے ہو گا ؟ ماضی و مستقبلت پردہ خدا ست سالکین کی پریشانی کا راز تحقیق ۔ سالکین کی زیادہ پریشانی کا راز یہ ہے کہ وہ غیر مقاصد کے لئے در پے ہوتے ہیں ۔ نفرت طبعی میں تفاوت کبر نہیں ۔ حال ۔ دوسروں کے خلاف شرع امور سے تو نفرت ہوتی ہے ۔ لیکن اپنے نفس سے باوجود ارتکاب خلاف شرعی امور کے اتنی نفرت نہیں ۔ کیا یہ کبر ہے ۔ تحقیق ۔ نفرت میں تفاوت ہونا کبر نہیں ۔ نفرت اعتقادی تو دونوں جگہ یکساں ہے اور عبد اسی کا مامور ہے اور یہ تفاوت طبعی میں ہے جیسے انسان کو اپنے پائخانہ سے نفرت کم ہوتی ہے اور دوسرے