ملفوظات حکیم الامت جلد 21 - یونیکوڈ |
|
صفحہ نمبر 107 کی عبارت جانب توجہ خالص کرے ورنہ اگر خود اس میں مشغول ہو گیا تو یہ دوسرے خطرات سے بھی زیادہ مضر ہے کہ غیر مقصود کو مقصود بنا لیا اور سوزش کے بعد جو چیز پھیلتی ہے ۔ وہ حرارت ہے حرکت سے اس میں لطافت آ جاتی ہے اور اس میں وہی تقریر ہے جو اوپر عرض کی کہ مورث یکسوئی ہے مگر مقصود نہیں ۔ خروش ذکر کا اثر ہے حال ۔ جانب چپ پستان میں اور بعض وقت دست چپ میں بھی خروش پیدا ہو جاتی ہے ۔ خصوصا نماز میں اور جس وقت کہ قلب کی جانب خیال ہوتا ہے ۔ اس وقت بہت زیادہ ہو جاتی ہے ۔ تحقیق ۔ اثر ذکر کا ہے ۔ مبارک ہو ۔ مگر مفرحات و مرطبات و مقویات قلب کا استعمال ضروری ہے تاکہ اختلاج نہ ہو جائے اور اگر ذکر میں ضرب یا حبس ہو چند روز کے لئے ترک کر دیں ۔ گمان کمی عقیدت و محبت شیخ اور اس کا علاج حال ۔ یہ خبیث مرض ہے کہ آپ کے پیچھے بہت ذوق و شوق بہت انس و محبت مگر جہاں صورت شیخ کی دیکھی اور ذرا پاس بیٹھا وحشت ہوتی ہے اور طبیعت مکدر ہوتی ہے ۔ تحقیق ۔ یہ محبت و عقیدت میں کمی نہیں بلکہ بوجہ عدم مناسبت کے وحشت ہے اس وحشت سے شبہ ہو جاتا ہے ۔ قلت محبت کا عدم مناسبت اس وجہ سے ہے کہ پاس زیادہ نہیں رہے ۔ مزاج نہیں پہچانا ۔ اس کا علاج کچھ ضروری نہیں کیونکہ کچھ مضر نہیں ۔ لیکن باوجود غیر ضروری ہونے کے علاج ہی کو دل چاہتا ہے ۔ تو زیادہ پاس رہئے ۔ ورنہ بار بار آنے جانے کا انتظام کیا جائے ۔ دعائے خاص کا یاد نہ رہنا اور اس کا علاج حال ۔ گو ہمیشہ طلب دعا کرتا ہوں ۔ اور حضور فرماتے ہیں کہ دعا کرتا ہوں مگر ہمیشہ بد گمانی رہتی ہے کہ حضور کے خدام میں ایک نام کے بیسیوں ہوں گے کیا یاد ہو گا ۔ تحقیق ۔ خط آنے کے وقت تو ضرور دعا خاص طور سے کر لیتا ہوں ۔ اور دوسرے اوقات میں عام دعاء کرتا ہوں ۔ کیونکہ خاص طور پر یاد رہنا واقعی دشوار ہے مگر حق تعالی کو تو اس عام کے خاص افراد معلوم ہیں وہ سب کے حق میں اس کو واقع فرما سکتے ہیں ۔ غلبہ نوم تحقیق ۔ نیند اگر بہت غالب ہو تو اس کو دفع نہ کیا جائے وظیفہ چھوڑ کر سو رہنا چاہئے پھر دوسرے وقت پورا کر لیا جائے اور اگر زیادہ غالب نہ ہو تو ہمت کر کے جاگنا چاہئے ۔