ماہنامہ الحق ستمبر 2017 ء |
امعہ دا |
|
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان اور افغانستان کے بارہ میں نئی پالیسی پر مولانا سمیع الحق کا احتجاج ۲۵ اگست (اکوڑہ خٹک) جمعیت علماء اسلام کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین حضرت مولانا سمیع الحق صاحب مدظلہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا نہیں بھارت کا اتحادی ہے۔ افغانستان میں بھارتی فوج اور ایجنسیوں کو اڈے فراہم کرکے ملک میں دہشت گردی اور فتنہ و فساد پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہیں امریکہ کی بھارت کو خطہ کی تھانیدار بنانے کی کوششوں کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔ حکومت اور فوج امریکہ کو منہ توڑ جواب دیں۔ پاکستانی قوم کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکوڑہ خٹک میں امریکی صدر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ واضح رہے کہ آج (۲۵ اگست) جمعہ کے بعد پورے ملک میں دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق اور دیگر قائدین کی اپیل پر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ امریکہ مزید جتنی فوج بھیج سکتا ہے بھیج دے لیکن شکست ان کا مقدر ہے۔ افغانستان میں اپنی شکست کو چھپانے کیلئے امریکہ پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ مولانا مدظلہ نے فرمایا کہ اس ساری صورتحال کی ذمہ دار امریکہ کی غلامی قبول کرنے والے حکمران ہیں انہوں نے ملک سے غداری کی جس کا خمیازہ اب ملک بھگت رہا ہے پرویز مشرف سے لیکر نواز شریف تک سب پر قومی و ملکی غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ امریکہ کو بتلایا جائے کہ افغانستان میںمزید فوج بھیجنے کی صورت میں زمینی اور ہوائی سہولتیں قطعاً نہیں دی جائی گی۔ امریکہ، پاکستان اور افغانستان کو باہم لڑا کر دونوں برادر اسلامی ملکوں کے عوام میں پائے جانے والے بھائی چارے کے رشتے کوختم کرنا چاہتا ہے۔ مزید فوج بھیج کر بھی امریکہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ افغان عوام اپنی سر زمین پر امریکی قبضہ کسی صورت میںبرداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ اکوڑہ خٹک میں مرکزی نائب امیر مولانا حامد الحق حقانی، مولانا عرفان الحق، مولانا رشید احمد سواتی، پشاور میں صوبائی امیر مولانا سید محمد یوسف شاہ، مولانا عبدالحسیب حقانی، حافظ سعید الرحمان اور دیگر نے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو داخلی عدم استحکام کے علاوہ عالمی اسلام دشمن قوتوں کے خطرناک عزائم کا سامنا ہے پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کا پروپیگنڈا امریکہ کی سرپرستی میں خطہ میں کی جانے والی اپنی دہشت گردی کو ناکام بنانے کی کوشش ہے۔