خمسة ارطال و ثلث رطل ]٥٤٦[(١٠) ووجوب الفطرة یتعلق بطلوع الفجر الثانی من یوم الفطر ]٥٤٧[(١١) فمن مات قبل ذلک لم تجب فطرتہ]٥٤٨[ (١٢) ومن اسلم او ولد بعد طلوع الفجر لم تجب فطرتہ۔
وجہ یہ عبارت ہے۔ الصاع المعتبر مایسع الفا واربعین درہما من ماش او عدس (رد المحتار علی الدر المختار، باب صدقة الفطر ، ج ثالث، ص ٣٧٤) اس عبارت سے معلوم ہوا کہ ایک صاع 1040 درہم کے وزن کا ہے جس کا گرام 3183.44 ہوگا۔ اور آدھا صاع 1591.72 گرام کا ہوگا۔احتیاط کے لئے 1.769 کا وزن لینا بہتر ہے۔پوری تفصیل 'باب زکوة الزرع والثمار'مسئلہ نمبر ٣ پر دیکھیں۔
]٥٤٦[(١٠) صدقة الفطر کا وجوب متعلق ہے عید الفطر کے دن صبح صادق کے طلوع ہونے سے۔
وجہ روزہ صبح صادق کے وقت سے شروع ہوتا ہے اور رمضان کے بعد یہ پہلا دن ہے جب کہ افطار کیا اور روزہ نہیں رکھا ، اور صدقة الفطر کی نسبت افطار کی طرف ہے اس لئے جس وقت سے حقیقت میں افطار شروع ہوا یعنی صبح صادق کا وقت وہ وقت صدقة الفطر کے وجوب کا سبب بنے گا۔ اس لئے عید کے دن صبح صادق کا وقت صدقة الفطر کے وجوب کا سبب بنے گا۔امام ابوحنیفہ کا استدلال اس حدیث کے اشارے سے ہے۔عن ابن عمر قال فرض رسول اللہ ۖ زکوة الفطرصاعا من تمر ... وامر بھا ان تؤدی قبل خروج الناس الی الصلوة(بخاری شریف، باب فرض صدقة الفطر،ص ٢٠٤، نمبر ١٥٠٣) اس حدیث میں عید کی نماز سے پہلے صدقة الفطر نکالنے کا حکم دیا۔جس سے اشارہ ہوتا ہے کہ اس سے قریب کا وقت یعنی صبح صادق اس کے نکالنے کا سبب ہے۔
فائدہ امام شافعی کے نزدیک عید کے دن سے پہلے جو رات ہے اس کی مغرب کا وقت صدقة الفطر واجب ہونے کا سبب ہے۔
وجہ وہ فرماتے ہیں کہ اسی مغرب کے وقت ہی سے افطار شروع ہوگیا ہے اس لئے مغرب کا وقت ہی سبب بنے گا۔ ہماراجواب یہ ہے کہ مغرب کے وقت تو ہمیشہ ہی افطار کا تھا اس لئے صبح صادق کا وقت صدقة الفطر واجب ہونے کا سبب بنے گا۔
لغت الفجر الثانی : سے مراد صبح صادق ہے۔کیونکہ الفجر الاول صبح کاذب ہے۔
]٥٤٧[(١١) جو آدمی صبح صادق سے پہلے مر گیا اس کا صدقة الفطر واجب نہیں ہوگا۔
وجہ صبح صادق صدقة الفطر واجب ہونے کا سبب تھا اور وہ سبب واقع ہونے سے پہلے مر گیا اس لئے صدقة الفطر واجب نہیں ہوگا۔
]٥٤٨[(١٢) اور جو اسلام لایا ،یا بچہ پیدا ہوا صبح صادق طلوع ہونے کے بعد تو اس کا صدقة الفطر واجب نہیں ہوگا۔
وجہ جو صبح صادق طلوع ہونے کے بعد مسلمان ہوا تو وہ صبح صادق کے وقت مسلمان ہی نہیں تھا۔اس پر سبب واقع نہیں ہوا۔اسی طرح صبح صادق کے بعد بچہ پیدا ہواتو اس بچے پر سبب واقع نہیں ہوا اس لئے اس پر بھی صدقة الفطر واجب نہیں ہوگا۔ اس لئے کہ سبب کے بعد یہ لوگ وجود میں آئے۔
اصول سبب نہ پایا جائے تو حکم لازم نہیں ہوگا۔