2: حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فتح مکہ کے روز اعلان فرمایا تھا کہ جوشخص بیت اللہ میں ،ابوسفیان کے گھر میں یا اپنے گھر میں بند رہے یا ہتھیار ڈال دے تو اسے امان ہے۔ البتہ گیارہ مرد اور چھ عورتیں ایسی تھیں جن کے بارے میں حکم تھاکہ جہاں ملیں قتل کر دیے جائیں کیونکہ ان کے جرائم ہی ناقابلِ معافی تھے۔ ان میں بھی سات مرد اور دو عورتیں مسلمان ہوکر امان میں آگئے۔
جن آٹھ کو امان نہیں ملی ان میں عبد العزیٰ بن خطل بھی تھا جوکہ مسلمان ہوکر مدینہ منورہ آگیاتھا۔ اس کا نام عبد اللہ رکھا گیا۔حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو کسی قبیلہ کی طرف زکوٰۃ لینے کے لیے بھیجا تھا۔ اس کے ساتھ اس کا غلام بھی تھا تو اس بدبخت شخص نے اپنے غلام کو صرف اس وجہ سے قتل کردیاکہ اس نے کھانا پکانے میں کچھ دیر کردی۔ یہ شخص قصاص کے خوف سے مرتد ہوکر مکہ چلاگیااور وہاں پہنچ کر خود بھی اور اپنی دو لونڈیوں سے بھی حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی مذمت کرواتاتھا۔اس لیے جب حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم فاتح بن کر مکہ میں داخل ہوئے تو یہ غلاف کعبہ کے ساتھ چمٹ گیا۔ بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس نے سابقہ جرائم کو یاد کرتے ہوئے آہ وزاری کر دی ہوگی اور ساتھ ہی اس کے ذہن میں ہوگاکہ یہ لوگ کعبہ کی تعظیم تو کرتے ہی ہیں، مجھے اسکے غلافکےساتھ لپٹا دیکھ کر چھوڑ دیں گے۔ غالباً اسی بناء پر کسی نے حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو مطلع بھی کیا کہ وہ تو غلافِ کعبہ کے ساتھ چمٹا ہوا ہے مگر حضرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا کہ اس کو وہیں قتل کردو۔چنانچہ حضرت ابو برزہ اسلمی رضی اللہ عنہ نے اس کو مقامِ ابراہیم اور حجرِ اسود کے درمیان قتل کردیا۔