لوگوں نے اس کتاب کو مشعل راہ، اور زندگی کا دستور العمل بنایا۔
امام غزالیؒ کے بعد بھی یہ سلسلہ چلتا رہا، یہاں تک کہ علامہ ابن الجوزی (م 597ھ) جیسے امام فن، اور نقاد، اور "تلبیس ابلیس" جیسی ناقدانہ اور محتسبانہ کتاب کے مصنف کو بھی اس کی تلخیص و ترتیب جدیدہ کی ضرورت محسوس ہوئی، جس کا نام انھوں نے "منہاج القاصدین١؎" رکھا، بڑے بڑے علماء نے "احیاء العلوم" کی شرحیں لکھیں، اور مختلف طریقوں سے اس کی خدمت کی، حافظ زین الدین عراقی مصنف" الالفیۃ" (الفیئہ حدیث) نے احیاء العلوم کی احادیث کی تخریج کی، اور ان پر محدثانہ کلام کیا، اور فخر ہندوستان علامہ سید مرتضیٰ بلگرامی (م 1205) نے بیس جلدوں میں اس کی شرح کی، جس کا نام "اتحاف السادۃ المتقین شرح احیاء علوم الدین" رکھا، یہ کتاب حدیث و فقہ و کلام و تصور میں (احیاء کی شرح کے دائرہ میں رہتے ہوئے) ایک دائرۃ المعارف (انسائیکلوپیڈیا) کی حیثیت رکھتی ہے۔
احیاء العلوم کی اساس پر سلوک و تربیت کے میدان میں بھی ایک جداگانہ مکتب فکر اور سلسلہ اصلاح و تربیت بھی وجود میں آیا، جس کو "طریقہ غزالیہ" کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، اور جو حضرموت اور بعض دوسرے عرب ممالک میں رائج رہا ہے۔
امام غزالیؒ نے احیاء العلوم کے طرز پر ایک کتاب، فارسی زبان میں بھی تصنیف فرمائی، جس میں سہولت و اختصار، اور عجمیوں کے معیار تعلیم اور ضروریات و حالات کا خیال رکھا، گویا کہ وہ احیاء العلوم کی فارسی میں تلخیص ہے، اس کا نام "کیمیائے سعادت" رکھا،
------------------------------
١؎ اس کی بھی تلخیص ابن قدامہ مقدسی نے "مختصر منہاج القاصدین" کے نام سے کی ہے۔