اہل سنت والجماعۃ کے عقائد
صحیح عقائد کا حقیقی سرچشمہ اور قابل اعتماد مآخذ
انبیائے کرام علیہم الصلٰوۃ التسلیم کے ذریعہ جو علوم و معارف انسانوں تک پہونچے ہیں، ان میں سب سے اعلٰی، اہم اور ضروری علم خدا تعالٰے کی ذات، صفات اور افعال کا علم ہے، اس علم کا مصدر و منبع صرف انباء کرام ہیں، کیونکہ اس علم کے وسائل و ذرائع، اور اس کی ابتدائی معلومات و تجربات بھی انسان کے دسترس سے باہر ہیں، یہاں قیاس کی شرے سے بنیاد ہی نہیں، خدا تعالٰے کا کوئی شبیہ و نظیر نہیں، اور وہ ہر طرح کی مشابہت و مماثلت سے منزہ، پاک اور بلند و برتر ہے، وہ ہر اس خیال، مشاہدہ اور احساس سے دراء الوراء ہے، جن سے انسان واقف و مانوس ہے اور جن سے وہ مادی و حسی دنیا میں کام لیتا ہے، یہاں عقل و قیاس اور ذہانت و ذکاوت بھی کچھ مدد نہیں کر سکتے، کیونکہ یہ وہ میدان نہیں ہے، جہاں عقل کے گھوڑے دوڑائے جائیں، اور قیاسات کی پتنگیں اڑائی جائیں، شاعر نے صحیح کہا ہے :
اے برتر از قیاس و خیال و گمان و وہم
و زہر چہ گفتہ ایم شنیدیم و خواندہ ایم
منزل تمام گشت و بپاباں رسید عمر
ماہمچناں در اول و صف تو ماندہ ایم