﷽
مقدمہ مصنّف
جامع و مختصر تربیتی و اصلاحی کتابوں پر ایک نظر اور ایک نئی کتاب کی ضرورت
الحمدالله وحده والصلوٰة والسلام على من لانبّى بعده
شریعت کی تعلیمات اور دین کے احکام و مسائل کے موضوع پر اسلام کی ابتدائی صدیوں ہی سے تصنیف و تالیف کا سلسلہ چلا آرہا ہے، اسی کے ساتھ قدرتی طور پر حکومت و تمدن کی ترقی کے نتیجہ میں مسلمانوں کی زندگی میں وسعت و تنوع پیدا ہوتا جارہا ہے، اور اسلامی معاشرہ نئے نئے حالات سے دوچار ہوتا رہا، اس کی نت نئی ضرورتیں، امراض اور کمزوریاں مطالبے اور تقاضے، اہل فکر و قلم کے سامنے آتے رہے، ساتھ ہی ساتھ دین اسلامی کتب خانہ بڑھتا اور وسیع تر ہوتا رہا۔ نوبت یہاںتک پہونچی کہ موجودہ دور کا مسلمان نہ صرف یہ کہ اس کا احاطہ نہیں کرسکتا، بلکہ اس کے لئے یہ بھی مشکل ہے کہ اپنی پسند کا انتخاب ہی کرلے، یا اجمالی طور پر اس سے نفع اٹھا سکے۔
اسی لئے طبعی طور پر ان حضرات کو جن کو امت مسلمہ کے مسائل سے گہرا تعلق تھا، اور جو مسلم معاشرہ کے صحیح و غلط رجحانات پر عمیق اور حقیقت پسندانہ نظر رکھتے تھے، اور اپنے دور کے مسلمانوں کی اس ذہنی پریشانی، اور طلب و جستجو سے واقف تھے، ایک ایسی رہنما