تہذیب اخلاق اور تزکیہ نفس کی ربانی تربیت گاہ
روحانی امراض اور نفس کے شرور کا زہر کا تریاق
ہم یہاں چند آیات اور احادیث ذکر کرتے ہیں، جو تہذیب اخلاق اور تزکیہ نفس کی بنیادی تعلیمات و ہدایات، نفس کے شرور و فتن، شیطان کے مکر و کید اور روحانی امراض کے زہر کا تریاق اور بہترین علاج ہیں، اور اپنی قوت و تاثیر میں بے مثل ہیں کیونکہ یہ حکیم و علیم دانا و بینا کا کلام اور انسانوں کے خالق اور ان کے قلوب و نفوس کے صانع، و فاطر کے بیان کردہ احکا و اصول ہیں، جس کا ارشاد ہے :
أَلَا يَعْلَمُ مَنْ خَلَقَ وَهُوَ اللَّطِيفُ الْخَبِيرُ ﴿الملک:١٤﴾
بھلا جس نے پیدا کیا وہ بے خبر ہے، وہ تو پوشیدہ باتوں کا جاننے والا اور ہر چیز سے آگاہ ہے۔
اور یہ اس نبی معصوم کی تعلیمات و ہدایات ہیں، جس کو اللہ تعالٰی نے تزکیہ نفس، تعلیم کتاب اور حکمت کے لیے مبعوث فرمایا اور جس کا اپنے بارے میں خود ارشاد ہے :
ادبنی ربی فاحسن تادیبی۔
میرے رب نے میری تربیت فرمائی اور بڑی اچھی تربیت فرمائی۔